Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بحرین میں ٹریفک خلاف ورزی، جرمانہ سعودی عرب میں

ٹریفک خلاف ورزی پر بحرین سے سفر سے روکا نہیں جائے گافوٹو: تواصل
بحرینی محکمہ ٹریفک کے مطابق آئندہ ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والے خلیجی ممالک کے شہریوں کے معاملات متعلقہ ملک کے ادارے کے حوالے کیے جائیں گے۔
اگر کسی سعودی شہری نے بحرین میں ٹریفک خلاف ورزی کی تو اس کا معاملہ سعودی محکمہ ٹریفک کے حوالے کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کی ادائیگی میں سہولت دینے اور کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
تواصل ویب سائٹ کے مطابق بحرینی محکمہ ٹریفک کے ابلاغی ادارے کے سربراہ فایز امین نے بتایا ’حالیہ دنوں میں بحرین اور سعودی عرب کو جوڑنے والے کنگ فہد پل پر ٹریفک خلاف ورزیاں بڑی تعداد میں ریکارڈ پر آئی ہیں۔‘ 

کنگ فہد پل پر ٹریفک خلاف ورزیاں بڑی تعداد میں ریکارڈ پر آئی ہیں۔  فوٹو: سوشل میڈیا

’محکمے نے فیصلہ کیا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے معاملات کنگ فہد پل پر نمٹانے سے بہتر ہوگا کہ سعودی محکمہ ٹریفک کے توسط سے یہ کام انجام دیا جا ئے۔‘
فایز امین نے مزید کہا ایک ماہ قبل پورے ملک میں حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کرنے والوں پر نظر رکھنے کے لیے کیمرے نصب کیے گئے۔ عوام کو آگاہ کردیا گیا تھا کہ حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر جرمانے ہوں گے۔ مختلف مقامات کے لیے انتہائی رفتار بھی متعین کردی گئی تھی۔
’حد سے زیادہ رفتار پر جرمانہ جو پہلے تھا وہ اب بھی ہے ۔ ٹریفک خلاف ورزیوں کی نوعیت اور تعداد میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ تمام تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہیں۔‘
فایز امین کا کہنا تھا اگر کسی سعودی شہری نے بحرین میں کوئی ٹریفک خلاف ورزی کی تو اسے بحرین سے سفر سے روکا نہیں جائے گا تاہم ٹریفک خلاف ورزی پر جرمانہ سعودی محکمہ ٹریفک کے ذریعے وصول کرلیا جائے گا اور جرمانہ معاف نہیں ہوگا۔
 

شیئر: