انڈیا کے مایہ ناز کرکٹر وراٹ کوہلی نے فوربز انڈیا کے 100 سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والی شخصیات کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے بالی وڈ سٹار سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، اس طرح وہ فوربز کی لسٹ میں شامل ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
وراٹ کوہلی کی سالانہ آمدن 252.72 کروڑ انڈین روپے ہے، جبکہ سلمان خان فوربز کی لسٹ پر تین برس حکمرانی کرنے کے بعد 2019 میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
فوربز انڈیا 2019 کی فہرست میں شخصیات کی سالانہ آمدن اور ان کی شہرت کو مد نظر رکھ کر ترتیب دی گئی ہے، اور اس میں اکتوبر 2018سے لے کر ستمبر 2019 تک کا جائزہ لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
ڈان بریڈ مین کا ریکارڈ وِراٹ کوہلی کے نامNode ID: 437691
کوہلی کی رینکنگ کرتے وقت ان کی میچ فیس، بی سی سی آئی کے ساتھ ان کے کنٹریکٹ کی رقم، مختلف برانڈز کی جانب سے دیے جانے والے معاوضے اور انسٹاگرام پر سپانسرڈ پوسٹ کرنے کی فیس کو سامنے رکھا گیا ہے۔
بالی وڈ ایکٹر اکشے کمار اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں اور ان کی سالانہ آمدن 293.25 کروڑ انڈین روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ رواں برس سلمان خان کی کل آمدن 229.25 کروڑ روپے ہے۔
سپر سٹار شاہ رخ خان کی آمدن میں گذشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد کمی ہوئی ہے اور ان کی کل آمدن 124.38 کروڑ روپے ہے۔
