ڈینگی کے شکار مریضوں کو عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق علاج کی سہولت پیش کی گئی ہے (فوٹو: سبق)
جازان ریجن کی متعدد کمشنریوں میں ڈینگی وائرس کے شکار مزید مریضوں کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت صحت نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں سپرے مہم شروع کردی ہے۔
سبق ویب سائٹ کےمطابق جازان ریجن میں محکمہ صحت کے دفتر نے کہا ہے کہ ’صامطہ اور طوال میں خصوصی طور پر ڈینگی مچھروں کی افزائش ریکارڈ کی گئی ہے۔‘
محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ’ہنگامی طور پر ڈینگی مچھروں کے انسداد کے لیے کارروائی شروع کی گئی ہے۔ متاثرہ افراد کو عالمی ادارہ صحت کے ضوابط کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے۔ مچھروں کی افزائش کی ممکنہ جگہوں پر سپرے کرنے کے علاوہ گھروں کے اندر بھی صفائی کی ضرورت ہے‘۔