مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی اور سزا سنانے پر لیکچر دیے گئے (فوٹو عرب نیوز)
سعودی ہیومن رائٹس کمیشن (ایچ آر سی) کی جانب سے ’سمگلنگ کی روک تھام، تحقیقات اور تفتیش کے طریقہ کار‘ کے عنوان سے دارالحکومت ریاض میں چار روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق اس پروگرام کا مقصد سعودی عرب میں انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے سکیورٹی اداروں اور پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنا تھا۔
پروگرام میں خصوصی طور پر مالی تحقیقات، مجرموں کے بارے میں ثبوت اکٹھے کرنے کے بنیادی قواعد، متاثرین سے انٹرویو کرنے کے طریقے اور عدالتی کارروائی کے دوران متاثرین اور گواہوں کے تحفظ کے اقدامات پر لیکچر دیے گئے۔
یہ پروگرام سعودی عرب میں انسانی سمگلنگ کے خلاف ایک منظم اور ادارہ جاتی فریم ورک بنانے کی کوششوں کا حصہ تھا جو عوام کو اس طرح کے جرائم سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ساتھ ہی ساتھ اس پروگرام میں مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی اور سزا سنانے اور متاثرین کو طبی، نفسیاتی اور قانونی مدد فراہم کرنے کی آگہی دی گئی۔
ہیومن رائٹس کمیشن نے اس پروگرام کو 12 جنوری سے مکہ مکرمہ ریجن میں نافذ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جبکہ یہ پروگرام 26 جنوری کو مشرقی ریجن میں نافذ کیا جائے گا۔