ھمنہ مریم خان سعودی عرب میں پہلی اور خلیج میں دوسری انڈین سفارتکار ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
سعودی عرب میں ہونے والی اصلاحات اور حالیہ تبدیلیوں کے بعد کئی ملکوں نے خاتون سفارتکار وں کو مملکت میں تعینات کیا ہے۔
عاجل ویب نے تیلنگانہ ٹوڈے کے حوالے سے بتایا کہ انڈیا نے 27 سالہ ھمنہ مریم خان کو سعودی عرب کے لیے پہلی خاتون سفارتکار مقررکیا ہے۔
ھمنہ مریم خان نے2016 میں ہونے والے سول سروس امتحان میں ٹاپ کیا تھا اور وہ سعودی عرب میں پہلی اور خلیج میں دوسری انڈین سفارتکار ہیں۔
جدہ سفارتی مشن کے کمرشل سیکشن میں مریم خان کا تقرر کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے لیے انڈین برآمدات کے فروغ میں موثر کردارادا کریں گی۔
ھمنہ مریم خان نے2016 میں ہونے والے سول سروس امتحان میں ٹاپ کیا تھا۔فوٹو :ٹوئٹر
مریم خان نے ٹوئٹر پر اپنی نئی تعیناتی کے حوالے سے متعدد تصاویر جاری کی ہیں۔ جدہ ایوان صنعت و تجارت کے سعودی عہدیداروں سے ملاقات کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ مریم خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات کی دنیا بڑی وسیع ہے۔دونوں ملکوں کے تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں سے پہنچانے کی خواہش ہے۔
سعودی عرب، انڈیا کا چوتھا بڑا تجارتی شریک ملک ہے۔ 2017 سے 2018 کے دوران دونوں ملکوں نے 27.48ارب ڈالر مالیت کا کاروبار کیا ہے۔
توقع یہ ہے مریم خان جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس کی تیاری میں انڈیا کی نیابت کرتے ہوئے موثر کردارادا کریں گی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب سال رواں کے دوران جی ٹوئنٹی سربراہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔