’امن خراب کرنے والے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے‘
ترجمان کے مطابق اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے
افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی۔ پاکستان خطے میں امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ بنے گا نہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر وہ کام کیا جس سے خطے میں امن ہو اور آئندہ بھی خطے میں امن کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔‘
نجی ٹی ویژن چینل ’اے آر وائی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہ افواج پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ ’عراق میں ایرانی جنرل کے قتل کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات چیت کی۔‘
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ’آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ خطہ خراب حالات کی طرف جا رہا ہے اور خطے کے ممالک میں کشیدگی کم ہونی چاہیے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ افغان مصالحتی عمل میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان کی خطے میں اہم حیثیت ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوشش ہے کہ خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ انڈیا جس راستے پر چل رہا ہے وہ اسے تباہی کی طرف لے جائے گا۔ انڈیا کے نئے آرمی چیف اپنی جگہ بنانے میں مصروف ہیں، انہیں پاک فوج کی صلاحیتوں کا ادراک ہے۔ انڈیا کے خلاف پاک فوج نے قابل فوج ہونے کا ثبوت دیا ہے۔‘
’افواج پاکستان ملک کا دفاع کرنا جانتی ہیں، نائن الیون کے بعد ہمیں افغان جنگ کا سامنا رہا۔ ہم نے اپنے ملک میں دہشت گردی کو شکست دی اور بہت قربانیوں کے بعد امن حاصل کیا۔‘
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں، انڈیا افواہیں پھیلانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جانے مانے لوگ بھی باتیں کر رہے ہیں۔عوام اور میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ صرف مصدقہ ذرائع کی بات پر توجہ دیں۔‘