Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایم کیو ایم سے جدا نہیں ہوں گے‘

’ہم نے خالد مقبول کو دعوت دی ہے کہ وہ کابینہ میں واپس آجائیں مگر وہ یہ فیصلہ خود کریں گے‘ (فوٹو: فیس بک)
پاکستان کے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ  پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کبھی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوں گی کیونکہ دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے بلکہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں جو حل ہو جائیں گے۔
ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’ہم نے خالد مقبول کو دعوت دی ہے کہ وہ کابینہ میں واپس آجائیں مگر وہ یہ فیصلہ خود کریں گے۔‘
سنیچر کو کی جانے والی اس پریش کانفرنس میں پرویز خٹک نے یہ بھی بتایا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مذاکرات کے لیے عمران خان نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ان کے ساتھ جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر اسد عمر شامل ہیں۔
پرویز خٹک کے مطابق ’ہمارے جتنے اتحادی ہیں، ہم سب کے ساتھ بات چیت کر چکے ہیں، کوئی بھی ہمیں چھوڑ کر نہیں جا رہا۔ ایم کے ایم کے کچھ تحفظات ہیں جن کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ اگلی ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔ ’جو کسر رہ گئی ہے وہ اگلی ملاقات میں پوری ہو جائے گی۔‘
پریس کانفرنس کے دوران سابق وفاقی وزیر خالد مقبول نے کہا ’ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت کی غیر مشروط حمایت کی تھی لیکن ہمارے کچھ تحفظات ہیں۔‘

خالد مقبول کے بقول بات چیت میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے تمام مسائل سے تحریک انصاف کو آگاہ کیا ہے، تحریک انصاف کے وفد سے اچھی بات چیت ہوئی۔ تحفظات ہیں لیکن ناراضگی نہیں ہے۔‘
خالد مقبول کے بقول ’ایم کیو ایم نے حکومت میں شامل ہونے سے قبل شہری علاقوں کے مسائل تحریک انصاف کے سامنے رکھے تھے۔ سندھ میں شہری علاقوں کے ساتھ معاشی دہشت گردی کی گئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے مطالبات کا روڈ میپ وقت اور تاریخ کے ساتھ طے کر لیا ہے آنے والے چند ہفتوں میں اس حوالے سے واضح پیش رفت سامنے آئے گی۔‘
 

شیئر: