’انڈیا نے مار مار کر آسٹریلیا کا بُھرتا بنا دیا‘
شعیب اختر نے انڈیا کی کارکردگی کو خوب سراہا، فوٹو: یوٹیوب سکرین شاٹ
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے انڈیا کی ٹیم اور روہت شرما کی کارکردگی سراہتے ہوئے آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کا یہ کہتے ہوئے مذاق اڑایا ہے کہ ’انڈیا نے ان کا مار مار کر بھرتا بنا دیا۔‘
اپنے یوٹیوب چینل پر شعیب اختر نے لکھا کہ، ’چنا سوامی (سٹیڈیم) میں انڈیا نے آسٹریلیا کے ساتھ خوب کھیلا۔ جب روہت شرما اچھا کھیل رہے ہوتے ہیں وہ اچھی اور بری بولنگ کی پروا نہیں کرتے۔ وہ اپنے شاٹ بہت خوبصورتی سے کھیلتے ہیں۔‘
اتوار کودونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے اور فائنل ون ڈے انٹرنیشنل میں انڈیا نے آسٹریلیا کو ساتھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے انڈیا کے لیے 50 اوورز میں 286 رنز کا ہدف رکھا۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی پارٹنرشپ سے انڈیا کی ٹیم نے یہ ہدف دو اوورز پہلے ہی پورا کر لیا۔
میچ کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے شعیت اختر نے کہا کہ ’روہت شرما کے لیے اس طرح کھیلنا بہت آسان ہے۔ ’چناسوامی جیسی جگہ جو کہ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، وہاں روہت شرما بے خوف ہو کر کھیلتے ہیں۔‘
’انہوں نے مار مار کر بولرز کا بھرتا بنا دیا۔ وہ ایڈم زیمپا اور مچل سٹارک کے پیچھے گئے۔ انہوں نے ایک کٹ شاٹ بھی مارا جیسا کہ سچن نے مجھے چھکا مارا تھا۔‘
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کے بارے میں اپنے یوٹیب چینل پر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ’میں نے پہلے بھی آپ سے کہا تھا کہ یہ میچ نہیں پرائیڈ (انا) کا مسئلہ ہے، اور یہ پرائیڈ انڈیا کو لینی ہے۔‘
انڈیا کی کارکردگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’انڈیا چاہتا ہے کہ وہ دنیا کہ سب سے بڑی ٹیم بن کے سامنے آئے اور وہ انہوں نے کر دکھایا اور آسٹریلوی بولرز نے جو کرنا تھا وہ دیکھا آپ نے۔‘
انڈیا کے لیے اس میچ میں جیت اس لیے بھی اہم تھی کیونکہ اسے ممبئی میں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ یہ آسٹریلیا کی انڈیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے بڑی جیت تھی۔
انڈیا اب پانچ میچوں پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشل اور اس کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچز کھیلنے نیوزی لینڈ جائے گا۔