فی سٹیشن دو درہم کردیا گیا۔ کمی 86.6 فیصد تک کی گئی ہے۔ فوٹو :سوشل میڈیا
دبئی دنیا کے مصروف ترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دبئی حکام نے مقامی باشندوں، تارکین وطن اور سیر و سیاحت کے لیے آنے والوں کی خاطر دبئی نہر تیار کی ہے۔
اس کا ایک سٹیشن سے دوسرے سٹیشن تک کا کرایہ پندرہ درہم مقرر کیا گیا تھا۔ اب اسے کم کرکے فی سٹیشن دو درہم کردیا گیا ہے۔ کمی 86.6 فیصد تک کی گئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے گزشتہ دو برسوں کے دوران سمندری جہاز رانی سے متعلق جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کیا۔ اسے تین مرحلوں میں نافذ کیا جارہا ہے۔
اس کے تحت مختلف علاقوں کے لیے نئی سروس شروع کی جارہی ہے۔ پرانے روٹس میں تبدیلی ہورہی ہے۔ اسی کے ساتھ دبئی نہر سے سفر کرنے والوں کے ٹکٹ کے نرخ بھی بدلے جارہے ہیں۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے دبئی نہر کے حوالے سے دو روٹس میں سے ایک پربوٹس کا کرایہ فی روٹ دو درہم کردیا ہے۔ ایک روٹ پر پانچ سٹیشن ہیں۔ ان میں الجداف، حی دبئی للتصمیم، الواجھہ المائیہ اور شارع الشیخ زاید شامل ہیں۔ آخری سٹیشن قناة دبئی المائیہ ہے۔
ہفتے کے تمام دنوں میں دوپہر12بجکر 15منٹ سے شام کے 5بجکر 45منٹ تک چلتی رہتی ہیں۔ الجداف اسٹیشن سے سفر شروع ہوتا ہے اور قناة دبئی المائیہ اس کی آخری منزل ہے۔
علاوہ ازیں سہ پہر تین بجے سے رات ساڑھے 8بجے تک چلنے والی بوٹس کی شروعات دبئی المائیہ سٹیشن سے سفر کا آغاز کرتی ہے اور الجداف سٹیشن اس کی آخری منزل ہوتی ہے۔
دوسرے روٹ کے ٹکٹ کی قیمت بھی اتنی ہی ہے جتنی پہلے روٹ کی ہے تاہم یہ تین سٹیشنوں پر مشتمل ہے۔ ان میں الواجھہ المائیہ، مراسی اور شارع الشیخ زاید شامل ہیں۔
سال رواں کے دوران سمندری نقل و حمل کے لیے پہلے روٹ پر دو بوٹس کا اضافہ کیا جائے گا اور دوسرے روٹ پر تین بوٹس کا اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے جون 2019 کے دوران تجرباتی طور پر جمعرات اور جمعہ کو نیا روٹ شروع کیا تھا۔
اس کا مقصد سمندری سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ یہ بوٹ شارع الشیخ زاید اسٹیشن سے چلتی ہے۔یہ برج خلیفہ اور دبئی فیسٹیول سٹی سے ہوتے ہوئے خور دبئی، سوق قدیمہ، السیف اور التوابل ہوتے ہوئے جمیرا کے علاقے میں لامیر ساحل تک جاتی ہے اور آخر میں شارع الشیخ زاید اسٹیشن پر رکتی ہے۔
اس روٹ پر ایک مسافر کا کرایہ 50درہم (فضیہ) جبکہ (ذھبیہ ) گولڈن کلاس کا کرایہ75درہم مقرر ہے۔