’کشمیریوں کے لیےآواز اٹھانا تمام اسلامی ممالک کا فرض ہے‘
’کشمیریوں کے لیےآواز اٹھانا تمام اسلامی ممالک کا فرض ہے‘
جمعرات 6 فروری 2020 16:27
جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کے تحت پانچ فروری کو ’یوم یکجہتی کشمیر‘منایا گیا۔ قونصل جنرل خالد مجید کی رہائش پر منعقدہ تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
سابق سعودی سفارت کار اور کالم نگار ڈاکٹر علی الغامدی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اسلامی کانفرنس تنظیم ( او آئی سی ) میں پاکستان کے مستقل مندوب رضوان سعید شیخ اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجود تھے۔
تقریب کے آغاز میں پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستانی سکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے طلبہ کی پرجوش تقاریر نے ماحول کو گرما دیا۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔
ڈاکٹر علی الغامدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’کشمیر، روہنگیا اور فلسطین کے مسلمان مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ مسلمانوں کے لیے آواز اٹھانا تمام اسلامی ممالک کا اخلاقی، سیاسی اور سفارتی فرض ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈیا میں سمجھدار لوگ موجود ہیں انہیں کشمیر کے مسئلے پر آواز اٹھانی چاہئے۔ کوئی بھی جارحیت اور غیر قانونی قبضہ غیر معینہ مدت تک جاری نہیں رہ سکتا۔‘
قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ ’کشمیرکو بڑی جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود آزادی پسند کشمیریوں کے جذبے کو د بایا نہیں جاسکا ہے۔‘
انہوں نے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے مختلف بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔
او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے رضوان سعید شیخ نے پاکستان کی طرف سے حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری ر کھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
کشمیری رہنماغلام نبی میر نےمطالبہ کیا کہ ’انڈیا کشمیر میں مبینہ طور پرریاستی سرپرستی میں جاری نسانی حقوق کی پامالیوں کو فوری طور پر بند کرے اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو ریاست تک بلا روک ٹوک رسائی کی اجازت دے۔‘
کشمیر کمیٹی جدہ کے چیئرمین مسعود پوری اور چیئرمین جموں کشمیر اوور سیز کمیٹی سردار اشفاق نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔