Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساحل پر رہنے والے معمر شخص کو گھر مل گیا 

وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے رہائش فراہم کی گئی ۔ فوٹو عکاظ
غربت و افلاس کے مارے پاکستان یا تیسری دنیا میں ہی نہیں بلکہ سعودی عرب جیسے ملک میں بھی دکھائی دے ہی جاتے ہیں۔ وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی نے مشرقی ریجن میں ایک ایسے ہی معمر شخص کو مسکن اور ضروریات زندگی فراہم کر دیں جو گذشتہ ایک برس سے الخبر ساحل کی ایک بینچ کو اپنا گھر بنائے ہوئے تھا۔
سوشل میڈیا پر معمر شخص کے شب و روز کا احوال وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی تک بھی پہنچ گیا جہاں سے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے معمر مفلوک الحال شخص کی داستان معلوم کرکے انہیں ادارے کے مرکزی دفتر پہنچا دیا۔

معمر شخص گزشتہ ایک برس سے کورنیش کی ایک بینچ پر رہ رہا تھا (فوٹو:عکا ظ اخبار)

مقامی روزنامہ عکاظ  سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر ابتسام الحمیری نے کہا کہ مذکورہ معمر شخص کے بارے میں سوشل میڈیا پر تصاویر اور وڈیو وائرل ہوتے ہی ادارے کی تحقیقاتی ٹیم نے وہاں پہنچ کر حقیقت حال معلوم کی اوراپنی رپورٹ سے ادارے کو مطلع کیا۔
ٹیم کی رپورٹ پرفوری طور پر عمل کرتے ہوئے الخبر کورنیش کی بینچ پر رہنے والے 62 سالہ معمر شخص کو وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی گاڑی میں اولڈ ہاؤس لے جایا گیا جہاں انہیں فرنشنڈ کمرہ اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی گئیں۔
معمر شخص کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ایک برس سے کورنیش کی ایک بینچ کو اپنا مسکن بنائے ہوئے ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں کا حصول وہاں آنے والوں کی دی ہوئی رقم یا اشیائے خوردونوش سے ممکن ہو جاتا تھا۔

 معمر شخص نے الخبر کے ساحل کی بینچ کو اپنا گھر بنایا ہواتھا (فوٹو عکاظ)

مقامی اخبار کو ایک شخص نے بتایا کہ مذکورہ معمر شخص کو ایک علاقے میں رہنے والے ایک نیک دل انسان نے اپنے گھر میں رکھا ہوا تھا جس کا گزشتہ برس انتقال ہونے کے بعد اس کے لواحقین نے معمر شخص کو گھر سے نکال دیا جب سے یہ ساحل پر بنی پتھر کی بینچ کو اپنا مسکن بنائے ہوئے ہے۔ وہاں تفریح کے لیے آنے والے معمر شخص کی کچھ نہ کچھ امداد کر دیتے ہیں جس سے اس کا گزارا ہوتا ہے۔

 

شیئر: