تاریخ میں پہلی مرتبہ عام ایام میں رہنما مرکز بحال کردیے گئے ہیں تصو یر: مکہ اخبار
سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کو آگہی فراہم کرنے کے لیے جبل عرفات اور جبل ثور پر رہنما مراکز قائم کیے ہیں جو روزانہ 20 گھنٹے کام کریں گے۔
مکہ اخبار کے مطابق وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کے ماتحت حج و عمرہ آگہی جنرل سیکریٹریٹ نے عمرہ زائرین کے لیے عرفات اور ثور کے پہاڑوں پر پہلے سے موجود رہنما مراکز کھول دیے ہیں۔
یہ مراکز روزانہ کھلے رہیں گے اور عمرہ زائرین کو مطلوبہ رہنمائی فراہم کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جبل عرفات اور جبل ثور کے رہنما مراکز صرف حج کے ایام میں کام کیا کرتے تھے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ مراکز عام ایام میں بھی زائرین کے لیے بحال کردیے گئے ہیں۔
وزارت اسلامی امور نے ان مراکز میں کئی رہنما تعینات کیے ہیں۔ یہاں زائرین کو جبل عرفات اور جبل ثور کا مکمل تعارف کرایا جارہاہے۔ اس کے علاوہ مفت لٹریچر بھی تقسیم کیا جارہا ہے۔
سیکریٹری جنرل برائے آگہی امور محسن الحارثی نے بتایا ہے کہ ’جبل عرفات اور جبل ثور پر رہنما مرکز عام دنوں میں کھولنے کا فیصلہ ان رپورٹس کے بعد کیا گیا ہے جن کے مطابق زائرین بڑی تعداد میں ان دونوں مقامات کا رخ کررہے ہیں۔‘