سعودی خاتون نے کہا ’چیلنج کرتی ہوں زیادہ لذیذ ’کلیجا‘ بناکر دکھائیں‘۔ فوٹو: الوطن
بریدہ کی سعودی خاتون ام انس نے انٹرنیشنل شیف سوسائٹی کے چیئرمین تھامس گوگلر کو چیلنج کیا ہے۔
سعودی خاتون نے کہا ’آپ دنیا کے معروف شیف ہیں۔ چیلنج کرتی ہوں کہ آپ مجھ سے زیادہ لذیذ ’کلیجا‘ بنا کر دکھائیں‘۔
الوطن اخبار کے مطابق’ کلیجا‘ خاص قسم کا عوامی بسکٹ ہے۔ افغانستان میں اسے’ کلچا‘ کہا جاتا ہے۔
سعودی عرب کے معروف صوبے قصیم کے علاقے بریدہ میں اس کا سالانہ میلہ لگتا ہے۔ جہاں شائقین ہزاروں کی تعداد میں پہنچتے ہیں۔
تھامس گوگلر نے چیلنج قبول کرنے سے پہلے ام انس کا بنایا ہوا ’کلیجا‘ چکھا۔ اس کی خوشبو اور اس میں شامل اجزا کا اندازہ لگایا اور پھر کہا’ آپ نے جو ’کلیجا‘ بنایا ہے وہ عمدہ ہے ۔ اس کا ذائقہ اچھا ہے۔ جہاں تک چیلنج کی بات ہے تو میں اس سے بہتر بنانے کی کوشش کروں گا‘۔
واضح رہے کہ ام انس بریدہ میں کلیجا میلے میں اپنا اسٹال قائم کیے ہوئے ہیں۔ وہ 30 برس سے کلیجا سمیت مختلف عوامی کھانے تیار کرنے کا تجربہ رکھتی ہیں۔
تھامس گوگلر عالمی شہرت یافتہ شیف ہیں اور شیفس سوسائٹی کے سربراہ ہیں۔ سوسائٹی کے ممبران 13ملین سے زیادہ ہیں۔
ام انس نے بتایا ’عالمی شہرت یافتہ شیف اور ان کے ہمراہ وفد میں شامل تمام لوگوں کو اپنے تیار کردہ بسکٹ (کلیجا) کھلائے۔ مجھے یقین تھا کہ جو شخص بھی اسے کھائے گا وہ میرے ہنر کی داد دیے بغیر نہیں رہ سکے گا‘۔
ام انس کے مطابق’ وہ دس برس کی عمر سے کلیجا تیار کررہی ہیں۔ یہ ہنر اپنی ماں سے سیکھا ہے‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر قصیم اور حائل کی مشہور سوغات کا نام ”کلیجا“ ہے۔
یہ ایک قسم کا بڑا بسکٹ ہے جو مختلف طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں کلیجا تیار کرنے کے مختلف طریقے رائج ہیں۔ ہر علاقے کے رہائشی کلیجا بنانے اور کھانے میں اپنی الگ روایات رکھتے ہیں۔