سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی (فوٹو: المرصد)
سعودی عرب میں جوازات ( محکمہ پاسپورٹ ) میں درج معلومات کا پرنٹ ’ابشر‘ سے حاصل کرنے کی سہولت دی گئی ہے جس سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی ہے۔
آجر کو جوازات (محکمہ پاسپورٹ) سے اپنے اجیر(کارکن) کے کوائف کا پرنٹ حاصل کرنے کے لیے محکمہ پاسپورٹ کے چکر لگانا پڑتے تھے۔
یہی مشکل غیر ملکی کارکن کو بھی اس وقت پیش آتی تھی جب اسے اپنے یا فیملی کے کسی ممبر کے کوائف کا پرنٹ کسی سرکاری ادارے یا سفارتخانے میں پیش کرنا ہوتا تھا۔
’المرصد‘ ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے تمام سعودی شہریو ں اور مقیم غیر ملکیوں کو یہ خوش خبری سنائی ہے کہ آئندہ مقیم غیر ملکی کے کوائف جسے ’پرنٹ‘ کہتے ہیں۔ ابشر کے توسط سے آن لائن حاصل کیا جاسکتا ہے۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق نئی سہولت کی بدولت کوئی بھی آجر اپنے کسی بھی اجیر کے کوائف آن لائن حاصل کرکے کسی بھی متعلقہ سرکاری ادارے میں معتبر دستاویز کے طور پر پیش کرسکتا ہے۔
یہ ’پرنٹ‘ غیر ملکی کے مکمل نام، پاسپورٹ کی تفصیلات، ویزے اور اس کی فیملی سے متعلق تمام معلومات پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں یہ بھی درج ہوتا ہے کہ مقیم غیر ملکی کے پاس گاڑی ہے یا نہیں۔ اگر ہے تو گاڑی سے متعلق تمام معلومات بھی اس میں درج ہوتی ہیں۔
اسی طرح اگر غیر ملکی نے کوئی مکان خریدا ہے یا بینک سے قرضہ لیا ہے تو یہ تمام تفصیلات بھی اس میں موجود ہوتی ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا ’پرنٹ کے حصول کے لیے آجر ’ابشر‘ پر جائے اور الیکٹرانک خدمات کے خانے (خدماتی الجوازات) کا انتخاب کرے اور پھر ’تقریر مقیم‘ کا آپشن استعمال کرے‘۔