ریاض کو عرب خواتین کا دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا گیا ہے(فوٹو: عرب نیوز)
عرب خواتین کمیٹی کی جانب سے ’خواتین ایک وطن اور ایک عزم‘ کے نعرے کے تحت 2020 کے لیے ریاض کو عرب خواتین کا دارالحکومت بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ فیصلہ عرب خواتین کمیٹی کے 39 ویں اجلاس میں کیا گیا، یہ دو روزہ اجلاس9 اور 10 فروری کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب لیگ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اس موقع پر خاندانی امور کونسل کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ہالہ بنت مزیاد التویجری نے کہا کہ ریاض کو عرب خواتین کا دارالحکومت قرار دینے کی وجہ سعودی عرب میں ہر سطح پرخواتین کے کردار کو بااختیار بنانے کے لئے ان کی مسلسل حمایت ہے۔
عرب خواتین کمیٹی ایک سال تک سعودی عرب کی زیر سرپرستی خواتین کے تمام امور انجام دے گی- کمیٹی کے اجلاس میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں گذشتہ اور موجودہ اجلاسوں کے درمیان جنرل سیکرٹریٹ کی ذمہ داریوں اور سرگرمی کی رپورٹ شامل رہی۔
ان سرگرمیوں میںپائیدار ترقی، عرب دنیا میں خواتین کو بااختیار بنانے اور وزارتی کانفرنس کی سفارشات پر عمل پیرا ہونے کے لیے ویژن 2030 کا ایجنڈا شامل ہے جس میں خواتین کو بااختیار ہونے اور معاشرتی ترقی پر اس کے اثرات پر توجہ دی گئی۔
اجلاس میں متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے طریقہ کار کے علاوہ ممبر ممالک کی جانب سے پیش کردہ موضوعات کا جائزہ لینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمیٹی نے اپنی سرگرمیاں کمیشن برائے خواتین کی حیثیت سے متعلق علاقائی اجلاس کی تیاری سے شروع کی ہیں۔
منعقدہ اجلاس کے دوران بیجنگ اعلامیے اور پلیٹ فارم فار ایکشن کی 25 سالہ کارکردگی اور بیجنگ + 25 علاقائی جائزہ اجلاس کے اعلامیے کا جائزہ لیا گیا۔