Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پتنگ کی ڈور پھرنے سے ڈولفن پولیس کا اہلکار ہلاک

ڈولفن پولیس اہلکار محمد صفدر ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں ڈولفن پولیس فورس کا اہلکار رات گئے گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے ہلاک ہوگیا۔
ڈولفن پولیس اہلکار محمد صفدر ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
تھانہ نشتر کالونی میں ڈولفن پولیس فورس کے اہلکار محمد صفدر کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے پتنگ بازی پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعہ رات دو بج کر 15 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب محمد صفدر رنگ روڈ کے قریب پہنچا تو نامعلوم سمت سے آنے والی ڈور گلے پر پھرنے سے موت واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق محمد صفدر کو فوری طور پر جنرل ہسپتال پہنچایا گیا لیکن ڈولفن فورس کا اہلکار زخموں کی تاب نہ لاسکا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا۔
تھانہ نشتر کالونی کے اے ایس آئی محمد اکرم کے مطابق ڈولفن اہلکار محمد صفدر کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد جسد خاکی کو ڈولفن ہیڈ کواٹر والٹن لے جایا جائے گا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔  

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پنجاب حکومت نے پتنگ بازی پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ فائل فوٹو

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہلاک ہونے والے ڈولفن اہلکار کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پابندی اور سخت ہدایات کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’واضح ہدایات کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات کا ہونا کوتاہی اور غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہر ضروری اقدام اُٹھایا جائے۔ پتنگ بازی کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جاسکتے۔‘

شیئر: