Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام کے سنیما گھر میں آتشزدگی

آتشزدگی سے سنیما ہال کی دو منزلیں متاثر ہوئیں ( فوٹو: سبق نیوز)
مشرقی ریجن کے شہری دفاع کے ترجمان کرنل عبدالھادی الشھرانی نے کہا ہے کہ دمام کے تجارتی پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
آتشزدگی کا آغاز پلازے میں زیرتعمیر سنیما ہال سے ہواـ آگ سے اٹھنے والا دھواں پلازہ اور اس سے ملحق ہوٹل میں بھر جانے کی وجہ سے وہاں مقیم لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

پلازے سے اٹھنے والا دھواں میلوں دور سے دکھائی دے رہا تھا (فوٹو: سبق نیوز)

کرنل الشھرانی نے سبق نیوز کو بتایا کہ شہری دفاع کے کنٹرول روم میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی متعدد فائر فائٹرز کے یونٹ واقعے کی جگہ پر پہنچ گئے جنہوں نے فوری طور پر پلازے میں موجود افراد کو بحفاظت نکالنے کی کارروائی کا آغاز کیا۔
آتشزدگی سے زیر تعمیر سنیما ہال کی دو منزلیں متاثر ہوئیں تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ پلازے میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے ملحقہ رہائشی ہوٹل میں موجود افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ پلازے سے اٹھنے والا دھواں قریبی عمارت میں بھی بھر گیا جہاں سے شہری دفاع کے یونٹس نے 219 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

دھواں بھر جانے سے فائر فائٹرز نے خصوصی ماسک اسمتعمال کیے  (فوٹو: سبق نیوز) 

کرنل الشھرانی نے مزید بتایا کہ دھواں بھر جانے سے وہاں موجود 15 افراد کی حالت غیر ہو گئی تھی جنہیں موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہلال الاحمر کی ایمبولنسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تجارتی پلازے میں آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ ٹیمیوں نے کام شروع کر دیا تاکہ اس امر کا سراغ لگایا جا سکے کہ  آگ لگنے کی وجہ کیا تھی۔
واضح رہے کہ آتشزدگی کا واقعہ دمام کے مشرقی ریجن کے علاقے العدامہ کے ایک تجارتی پلازے میں پیش آیا تھا۔ پلازہ کی دو منزلوں پر سنیما کی تیاری آخری مراحل میں تھی۔ پلازے سے ملحق رہائشی ہوٹل تھا جہاں آگ لگنے کے وقت کافی افراد مقیم تھے۔

شیئر: