پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا سٹیج کراچی کے نیشل سٹیڈیم میں آج سجے گا اور پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کا آغاز شام کو رنگا رنگ تقریب سے ہوگا۔
پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی خاص بات یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز پہلی بار پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل فائیو کے میچز ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کے باضابطہ آغاز سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق افتتاحی تقریب میں ابرار الحق، راحت فتح علی خان، آئمہ بیگ، علی عظمت، ابو محمد، فرید ایاز، سجاد علی، صنم ماروی، عارف لوہار ، ہارون، عاصم اظہر اور دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
ایوانٹ سے قبل تمام ٹیموں کے ملکی اور غیرملکی کھلاڑی، کوچز، مینٹورز اور سٹاف کے دیگر ارکان کراچی پہنچ چکے ہیں۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل تھیں۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچوں سیزن کی چھ ٹیموں میں 30 سے زائد غیر ملکی کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر ہیں۔ شان مسعود ملتان سلطانز اور سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی نوجوان کرکٹر شاداب خان کو سپرد کی گئی ہے جبکہ پشاور زلمی واحد فرنچائز ہے جس کی قیادت ایک غیر ملکی کھلاڑی کے ہاتھ میں ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی پشاور زلمی کی قیادت کر رہے ہیں۔
پی ایس ایل کی پاکستان واپسی
پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2016 میں ایک ایسے وقت میں ہوا تھا جب غیر ملکی ٹیمیں اور کھلاڑی امن و امان کی صورت حال کی وجہ سے پاکستان آنے سے انکاری تھے۔ اس لیے ٹورنامنٹ کا افتتاحی ایڈیشن مکمل طور پر متحدہ عرب امارت کے شہروں شارجہ اور دبئی میں کھیلا گیا تھا۔
تاہم دوسرے ایڈیشن سے ٹورنامنٹ کی بتدریج پاکستان منتقلی کا آغاز ہوا۔ 2017 میں پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوا۔
2018 میں ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے تین میچز پاکستان میں ہوئے جن میں دو پلے آف اور فائنل میچ شامل تھے۔ پی ایس ایل تھری کا فائنل اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔
گذشتہ سال پی ایس ایل فور کے آٹھ میچز پاکستان میں ہوئے۔ ان تمام میچوں کی میزبانی نیشنل سٹیڈیم کراچی نے کی۔ تاریخی ایونٹ کا فائنل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا جس میں سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کامیابی حاصل کی۔
پی ایس ایل فائیو کی انعامی رقم
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل 2020 میں کُل 10 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
پی ایس ایل فائیو کی فاتح ٹیم کو ایونٹ کی ٹرافی کے ہمراہ پانچ لاکھ ڈالر کی انعامی رقم بھی ملے گی، جب کہ پی ایس ایل فائیو کی رنراپ ٹیم دو لاکھ ڈالر وصول کرے گی۔
اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ ایوارڈ کے ساتھ 4500 ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔
ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین بولر اور سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں 80 ہزار ڈالر تقسیم کیے جائیں گے۔