جی ٹوئنٹی: ’معیشت پر کورونا کے اثرات محدود کرنے کا عزم‘
جی ٹوئنٹی: ’معیشت پر کورونا کے اثرات محدود کرنے کا عزم‘
اتوار 23 فروری 2020 23:37
وزرائے خزانہ کرونا کے خطرات پر نظر رکھنے پر متفق ہوگئے فوٹو: اے ایف پی
ریاض میں جی ٹوئٹنی کے وزرائے خز انہ اور مالیاتی حکام کے اجلاس میں کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا’ جی ٹوئنٹی عالمی معیشت پر کورونا وائرس کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے تیار ہے‘۔
سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان نے جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک کے وزرائے خزانہ کے لیے سہ نکاتی روڈ میپ پیش کیا ہے۔
الجدعان نے اتوار کو ریاض میں جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اس سال جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کا روڈ میپ تین نکاتی ہوگا۔
’پہلا نکتہ عوام خصوصاً خواتین اور نوجوانوں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کا ہے۔ یہ کام خوشحالی ، روزگار اور باعزت زندگی گزارنے کے حالات ساز گار بناکر انجام دیا جائے گا‘۔
’دوسرا ہدف کرہ ارض کو منفی ماحولیاتی مسائل سے بچانے میں مضمر ہے۔ یہ کام کرہ ارض کو منفی حالات سے بچانے کے لیے مشترکہ جدوجہد اور باہمی تعاون کے ذریعے انجام دیا جائے گا‘۔
الجدعان کے مطابق’ تیسرا نکتہ نئی سٹراٹیجی منظور کرکے نئے افق کھولنے میں مضمر ہے۔ یہ کام ٹیکنالوجی کی ترقی اور جدت طرازی سے فائدہ اٹھاکر انجام دیا جائے گا‘۔
الشرق الاوسط کے مطابق جی ٹوئنٹی میں شامل ممالک کے وزرائے خزانہ نے اتوار کو 2020 کے اختتام تک بین الاقوامی ٹیکسوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے موضوع پربات چیت کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الجدعان نے کہا ’ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کرونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خطرات پر نظر رکھنے پر متفق ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی معیشت پر اس کے اثرات کو قابو کرنے کے لیے مناسب پالیسیاں اختیار کی ہیں‘۔
اتوار کو ریاض میں ہونے والے اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاﺅ سے ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے توقع ظاہر کی کہ 2020کے دوران عالمی شرح نمو گھٹ کر 0.1 ہوجائے گی۔
قبل ازیں عالمی مالیاتی فنڈ کی ڈائریکٹر کرسٹا لینا جورجیبا نے کہا ’ کرونا وائرس جو پہلے چین میں نمودار ہوا اس کے منفی اثرات بین الاقوامی معیشت پر بھی ظاہر ہونگے ۔ مزید خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں‘۔