Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت اور عمان میں کورونا کے پانچ کیس

کویت نے قومی تہوار کی تقریبات منسوخ کردیں۔ فوٹو :سوشل میڈیا
 خلیجی ملکوں میں متحدہ عرب امارات اوربحرین کے بعد کویت اور سلطنت عمان میں بھی نیو کورونا وائرس کے کیس ریکارڈ پر آئے ہیں ۔
عرب میڈیا کے مطابق کویت نے کورونا وائر س کے نئے مریض ریکارڈ پر آنے کے بعد قومی تہوار کی سرکاری اور عوامی تقریبات غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کردیں۔
کویتی کابینہ نے اعلامیے میں کہا’ صورتحال غیر معمولی ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ کویتی عوام اور تارکین وطن کی سلامتی اور ان کی صحت کی خاطر ٹھوس اقدامات کیے جائیں‘۔
کویتی وزیر تجارت خالد الروضان نے میڈیکل ماسک، نیو کورونا وائرس کے معائنے میں کام آنے والے طبی لوازمات اور دواﺅں کی برآمدات پر پابندی عائد کردی۔

 مشہد سے کویت آنے والے تین افراد نیو کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔فوٹو: اے ایف پی

کویتی وزارت صحت نے اعلان کیا ’ ایرانی شہر مشہد سے کویت آنے والے تین افراد نیو کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ ابتدائی طبی معائنوں کی حتمی رپورٹ آگئی ہے‘۔
سلطنت عمان نے بھی پیر کو پہلی مرتبہ اعلان کیا ’ اس کے یہاں ایران سے آنے والی دو عمانی خواتین نیو کورونا وائرس میں مبتلا پائی گئی ہیں‘۔
عمانی وزارت صحت نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا ’ دونوں خواتین کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے‘۔
سلطنت عمان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران او ر عمان کے درمیان تمام پروازیں تا اطلاع ثانی بند کردی گئی ہیں۔

ایران او ر عمان کے درمیان تمام پروازیں تا اطلاع ثانی بند کردی گئی ہیں۔فوٹو: اے ایف پی

اس سے قبل بحرینی وزارت صحت نے پیر کی صبح اعلان کیا تھا کہ ایران سے آنے والا ایک بحرینی شہری نیو کورونا وائرس کا مریض پایا گیا ہے۔ اسے فوری طور پر اسے قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔
چین کے بعد سب سے زیادہ نیو کورونا وائرس کے مریض اور اس سے ہونے والی اموات ایران میں ریکارڈ پر آرہی ہیں۔ ترکی، افغانستان، عراق، کویت اور سلطنت عمان ایران کے لیے اپنی پروازیں بند کرچکے ہیں۔ 

شیئر: