مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے الکعکیہ میں گاڑیوں کے تمام ورکشاپ بند کرادیے۔ ورکشاپ العکیشیہ میں نیو موٹر سٹی منتقل کیے جائیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عر ب کے دیگر شہرو ں کی طرح مکہ مکرمہ کی رہائشی علاقوں میں موجود ورکشاپس ہٹانے کی مہم کے تحت الکعکیہ میں موجود گاڑیوں کے تمام ورکشاپ بند کردیے گئے۔
تمام ورکشاپس نئے علاقے میں منتقل کیے جائیں گے۔
مکہ میونسپلٹی نے الکعکیہ میں موجود ورکشاپس سربمہر کیے ہیں وہاں گاڑیوں کے ورکشاپ جانے والے راستوں پر کنکریٹ کی دیواریں بھی لگادی ہیں۔
ورکشاپس کے مالکان کو انتباہ کیا گیا کہ وہ اب یہاں کوئی کام نہیں کریں گے۔ اپنے ورکشاپس العکیشیہ جلد منتقل کرلیں۔ العکیشیہ مکہ مکرمہ کے جنوب میں واقع ہے اور وہاں نیو موٹر سٹی قائم کی گئی ہے۔
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے انتباہ دیا ’ اگر کسی شخص نے بند ورکشاپس کھولنے کی کوشش کی یا وہاں گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کا کام کیا تو اس پر جرمانہ ہوگا ‘۔
الکعکیہ میں قائم ورکشاپس کے کئی مالکان نے میونسپلٹی کے اس اقدام پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہناہے’ نیو موٹر سٹی العکیشیہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر ہے۔ ابھی وہاں کوئی انتظام نہیں۔ مہلت دی جانی چاہیے تھی جو نہیں دی گئی۔ موجودہ حالات میں الکعکیہ سے العکیشیہ ورکشاپس منتقل کرنا مشکل کا کام ہے‘۔
کئی شہریوں نے اس بات پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے کہ الکعکیہ میں گاڑیو ںکے تمام ورکشاپس بند کردیے گئے۔ یہ کام ایک برس قبل ہی انجام دیا جانا چاہیے تھا۔
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے گزشتہ ماہ العکیشیہ میں نیو موٹر سٹی کا افتتاح کیاتھا۔ یہ 45 لاکھ مربع میٹر سے کہیں زیادہ بڑے رقبے میں قائم کیا گیا ہے۔
العکیشیہ موٹر سٹی میں گاڑیوں سے تعلق رکھنے والے مختلف کاروبار چل رہے ہیں۔ گاڑیوں کی ایجنسیاں، شو روم، ورکشاپ، نیلام گھر (حراج)، ٹرانسپورٹ کمپنیوں، رینٹ اے کار کمپنیو ں کے دفاتر، فاضل پرزوں کی دکانیں ، پرانی گاڑیوں سے نکالے گئے پرزوں کی دکانیں (تشلیح) اور لیبرولیج سمیت مختلف خدمات مہیا ہیں۔