کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے ( فوٹو: القبس)
کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے خلیجی ریاستوں میں مزید احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ بعض ممالک نے تعلیمی ادارے بند کردیے ہیں جبکہ بعض نے کورونا سے متاثرہ ممالک کے سفر پر پابندی لگا دی ہے۔
کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا کے شکار تمام مریضوں کو قرنطینہ کے مخصوص مرکز میں رکھا گیا ہے جہاں ان کا عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کی روشنی میں علاج کیا جا رہا ہے۔‘
ادھر کویتی کابینہ کا کورونا وائرس کے حوالے سے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 12 مارچ تک تمام سکول بند رکھے جائیں گے۔
کویتی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ’ہنگامی منصوبے پر عمل کرتے ہوئے یونیورسٹیاں، کالجز، اسلامی مراکز اور اوقاف کے مراکز تا ہدایت ثانی بند رہیں گے۔‘
کویتی محکمہ شہری ہوا بازی نے جاپان اور سنگاپور کے لیے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ممالک کے شہری کسی بھی ویزے پر کویت داخل نہیں ہوسکتے۔‘
محکمے کے مطابق گذشتہ دو ہفتوں کے دوران مذکورہ ممالک جانے والے شہریوں کو احتیاطی طور پر قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے کویت نے ایران، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور اٹلی کے لیے تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بحرین نے عراق اور لبنان جانے اور آنے والی تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بحرین
بحرین نے عراق اور لبنان جانے اور آنے والی تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بحرینی نیوز ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے باعث دونوں ممالک کے شہریوں کو بحرین کا ویزہ نہیں دیا جائے گا۔
خلیج ٹائم کے مطابق گذشتہ دنوں اٹلی سے واپس آنے والے بحرینی رکن پارلیمنٹ عمار قمبر کو احتیاطی طور قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمار قمبر نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’اٹلی سے واپس آنے کے بعد بخار سا محسوس ہوا ہے اس لیے خود کورونا سینٹر چل کر گیا ہوں۔‘
بحرین کے محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ ’دبئی اور شارجہ کے لیے دو دن کے لیے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا، اب دبئی کی پروازوں کی معطلی میں مزید دو دن کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔‘
محکمے کے مطابق ’یہ فیصلہ محض احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ حالات کا جائزہ لینے کے بعد اس حوالے سے رہنمائی کی جائے گی۔‘
واضح رہے کہ بحرین میں کورونا وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔
بحرینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 7 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ تمام مریض ایران سے آئے تھے۔‘
امارات
متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں پر جنوبی کوریا، اٹلی، چین، ایران اور تھائی لینڈ جانے پر پابندی لگا دی ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’اٹلی میں موجود اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لیے آج جعرات کو خصوصی پرواز چلائی جائے گی۔‘
دوسری طرف امارات کی مقامی ہوائی کمپنیوں نے ایران کے لیے تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔
محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ ’وقتی طور پر بحرین کے لیے بھی پروازیں معطل کی جارہی ہیں، جن مسافروں کے پاس معطل کی جانے والی پروازوں کی ٹکٹیں ہیں وہ واپس کرسکتے ہیں۔‘
عراق
عراقی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث ملک کے تمام تعلیمی ادارے 10 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عراقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ملک کے تمام سینما گھر، کلب، چائے کے ہوٹل نیز عوامی مقامات پر لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگا دی ہے۔‘