Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کے لواحقین کو دیت ادا کرنے کا حکم

عرب ملک کے ڈاکٹر کی غلطی سے پاکستانی مریض ہلاک ہو گیا تھا۔فائل: فوٹو سبق
جازان ریجن میں میڈیکل کمیٹی کی جانب سے طبی غلطی کے باعث مرنے والے پاکستانی کے لواحقین کو تین لاکھ ریال دیت ادا کرنے کا حکم صادر کیا گیا ہے۔
کمیٹی نے ’قتل خطا ‘ کی مد میں عرب ملک کے ڈاکٹر اور ہسپتال کے مالک کے خلاف فیصلہ صادر کیا ہے۔ 
 ویب نیوز’سبق‘ نے کمیٹی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا’ چند برس قبل جازان ریجن کی جنوبی کمشنری صامطہ کے ہسپتال کے ایک عرب ملک کے ڈاکٹر کی غلطی سے پاکستانی مریض ہلاک ہو گیا تھا‘۔
مرنے والے کے ورثا نے ڈاکٹر اور ہسپتال کے خلاف طبی کمیٹی سے رجوع کیا جہا ں واقعے کی بڑے پیمانے پر تحقیقات کی گئی۔ 
کمیٹی کے سامنے پیش کی جانے والی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ مریض کی غلط تشخیص کی گئی جس سے اسے نس کا جو انجکشن دیا گیا تھا اس کے سبب اس کی ہلاکت ہوئی ہے ۔ 
ذرائع نے مزید بتایا ’ کمیٹی کی جانب سے مقرر کی جانے والی تمام پیشیوں میںڈاکٹر غیر حاضر رہا تھا جبکہ ڈاکٹر کا کفیل یا ا س کا نمائندہ تمام پیشیوں میں حاضر رہا تھا‘۔
کمیٹی کی جانب سے غلطی کا سبب بننے والے ڈاکٹر کے کفیل کو پابند کیا گیا کہ وہ مرنے والے کے ورثاءکو تین لاکھ ریال دیت قتل خطا کی مد میں ادا کرے گا۔
 ہسپتال کے حوالے سے کہا گیا کہ اس نوعیت کا ایک اور کیس بھی سامنے آیا ہے جس پر تحقیقات جاری ہیں ۔ کیس میں ایک بچی غلط انجکشن لگنے سے ہلاک ہو گئی تھی۔

شیئر: