Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری اداروں میں کام کا طریقہ کار کیا ہوگا؟

سرکاری ملازم آن لائن ڈیوٹی دیں گے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے تعطیلات کے دوران سرکاری اداروں میں کام کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو سولہ دن تک ڈیوٹی پر نہ آنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ نے وزارت افرادی قوت کے حوالے سے بتایا کہ’ تمام سرکاری ادارے دو ہفتے تک اپنے تمام کام آن لائن انجام دیں گے۔ رابطے کے جدید وسائل اور ٹیکنالوجی پروگرام سے استفادہ کیا جائے گا۔ اس دوران سرکاری ملازم دفاتر نہیں آئیں گے تاہم آن لائن ڈیوٹی دیں گے۔‘

 سرکاری اداروں کے ملازمین کو سولہ دن دفتر نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے (فوٹوسوشل میڈیا)

وزارت افرادی قوت نے اس حوالے سے (www.cio.gov.sa) کے توسط سے سرکاری امور نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت افرادی قوت کے مطابق ایسے ملازم جن کی دفتر میں حاضری اشد ضروری ہو وہ محدود دائرے میں دفاتر پہنچیں۔ کم سے کم ملازمین سے ضروری کام لیے جائیں۔
صرف ایسے ملازم ہی دفاتر میں طلب کیے جائیں جو اپنی ڈیوٹی دفتر آئے بغیر انجام نہ دے سکتے ہوں اور ان کے کام ایسے ہوں جنہیں ٹالا نہ جاسکتا ہو۔
وزارت افرادی قوت نے یہ بھی کہا کہ ادارہ جاتی رابطے کے یونٹ دو ہفتے کے دوران موثر کردار ادا کریں۔
وزارت کے عہدیدار اور متعلقہ ادارے انٹرنیٹ پر وزارت کی ویب سائٹ (www.mlsd.gov.sa) اور (masar.sa) پر نئی صورتحال پر نظر رکھیں۔
 

شیئر: