کیا ورک ویزے پر پہلی بار سعودی عرب آیا جا سکتا ہے؟
کیا ورک ویزے پر پہلی بار سعودی عرب آیا جا سکتا ہے؟
بدھ 18 مارچ 2020 6:52
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی مجموعی تعداد 171 تک پہنچ گئی (فوٹو:اے ایف پی)
چین کے شہر ووہان سے پھوٹنے والی وبا کورونا نے دنیا کے بیشتر ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس سے 2 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب میں بھی نئے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 133 تک پہنچ چکی ہے۔ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی وزارت صحت اور دیگر اداروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتےہوئے عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
بعد ازاں سعودی شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں پر بھی عمرہ کرنے کی پابندی لگا دی گئی تھی تاکہ مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
بیرون ملک بالخصوص ان ممالک سے آنے والے مسافروں پر بھی پابندی لگائی گئی جہاں یہ مرض وبائی صورتحال اختیار کرچکا ہے۔ یہاں اس امر کو خاص طورپر مدنظررکھنا چاہیے کہ پابندی کا مقصد لوگوں کی جانوں کی حفاظت ہے۔
سعودی عرب میں امیگریشن اور دیگر معاملات کے حوالے سے قارئین اردونیوز کو مختلف سوالات ارسال کرتے ہیں۔ اردو نیوز ان سوالات کے جوابات مقامی قانون کی رو سے دیتا ہے۔
وقار ستی نے دریافت کیا ہے کہ کیا نئے ویزے والا شخص سعودی عرب آسکتا ہے؟
جواب: نئے ویزے کے حوالے سے اگر آپ کی مراد ورک ویزے پر پہلی بار سعودی عرب آنے کی ہے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ فی الحال سعودی عرب نے تمام ویزوں پر عارضی طور پر پابندی عائد کی ہوئی ہے، جس میں نئے ویزے بھی شامل ہیں۔ پاکستان میں سعودی سفارتخانے اور قونصلیٹ نے ہر قسم کے ویزوں کی پراسیسنگ روکی ہوئی ہے۔ جب تک کورونا وائرس پر عالمی سطح پر قابو نہیں پایا جاتا، اس وقت تک ہر قسم کے ویزوں پر کام عارضی طور پر روکا گیا ہے۔
جہاں تک آپ کے سوال کا تعلق ہے تو اس کا جواب یہی ہے کہ جوں ہی کورونا کے حوالے سے معاملات قابو میں آئیں گے صورتحال از خود نارمل ہوتی جائے گی اور تمام پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔ اس حوالے سے باقاعدگی سے اردونیوز ڈاٹ کام وزٹ کرتے رہیں تاکہ بروقت مصدقہ خبروں سے آگاہ رہیں۔
شہروز خان نے سوال کیا ہے کہ وہ 9 فروری کو چھٹیوں پر کراچی آئے تھے اور ان کی چھٹیاں 14 مارچ کو ختم ہو گئی تھیں، کیا وہ سعودی عرب واپس جا سکتے ہیں؟
جواب: آپ نے چھٹی ختم ہونے کی تاریخ تو بتائی ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ ’خروج و عودہ‘ ویزے کی مدت کتنی ہے۔
عام طور پر خروج و عودہ ویزہ کم از کم دو ماہ کے لیے سٹیمپ کیا جاتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں جب کہ کورونا وائرس کے حوالے سے تمام سفری معاملات پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے، اس لیے وہ افراد جو چھٹی پر گئے ہوئے ہیں انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے ہمیشہ لوگوں کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کیے جاتے ہیں، اس ضمن میں متعلقہ سعودی ادارے بھی مملکت سے چھٹی پر جانے والوں کے معاملات سے باخبر ہیں اور جلد ہی اس بارے میں کوئی فیصلہ سامنے آئے گا، تاہم ابھی تک حتمی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ کب تک اس پر عمل درآمد ہوگا۔
جہاں تک آپ کی چھٹی کا معاملہ ہے تو اس بارے میں آپ کی کمپنی کی انتظامیہ ہی فیصلہ کرنے کی مجاز ہے، جبکہ ایگزٹ ری انٹری میں توسیع کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے پر متعلقہ ادارے غور کر رہے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں