Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی ٹائر اور ملاوٹی آئل فروخت کرنے پر تاجر کی تشہیر

’الزام ثابت ہونے پر ورکشاپ وقتی طور پر بند کرنے کے علاوہ تاجر پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت تجارت نے گاڑیوں کے جعلی ٹائر اور ملاوٹی انجن آئل فروخت کرنے والے سعودی تاجر کی تشہیر کر دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’سعودی تاجر عبد اللہ بن سالم بن سعید باکوینہ نے مکہ مکرمہ میں اپنی ورکشاپ میں غیرمعیاری اور جعلی ٹائر کے علاوہ ملاوٹی انجن آئل فروخت کر کے وزارت تجارت کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیموں نے مذکورہ تاجر کی ورکشاپ سے خلاف ورزی پکڑنے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا تھا‘۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’عدالت میں الزام ثابت ہونے پر تاجر کے خلاف متعدد فیصلے سنائے گئے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’عدالتی فیصلے کے مطابق تاجر کی مقامی اخبارات میں تشہیر کی جائے گی، ورکشاپ وقتی طور پر بند کی جائے گی، بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ضبط شدہ جعلی اور غیر معیاری سامان تلف کر دیا جائے گا‘۔
وزارت نے تاجروں کو ضوابط کی پابندی کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جعلی، غیر معیاری اور ملاوٹی اشیا کے علاوہ طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ ریال تک جرمانہ اور 3 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے‘۔

شیئر: