وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو کورونا ٹیسٹ کٹس کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹ میں غیر تصدیق شدہ ٹیسٹ کٹس کی فراوانی ہے جن سے حاصل کردہ نتائج پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا کہ جب تک کورونا کی تشخیص کرنے والی ٹیسٹ کٹس کی تصدیق پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے تحت نہیں ہو جاتی، تب تک ٹیسٹ کٹس درآمد کروائیں مگر وہ تصدیق شدہ ہونی چاہئیں۔
فواد چوہدری نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ اگر ٹیسٹ کٹس بیمار مریض کو صحتمند ظاہر کر دیں تو اس سے کئی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
صوبائ حکومتوں اور NDMA کو وارننگ دینا چاہتا ہوں،کرونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹک کٹس کی بھرمار ہو رہی ہے، اگربیمارمریض کو ٹسٹ صحتمند ظاہر کر دے گا تو اس کا مطلب ہے کئ جانوں کو خطرے میں ڈالنا، جب تک DRAP پاکستان کی اپنی کٹس کی تصدیق کرتا ہے آپ امپورٹ کریں لیکن صرف تصدیق شدہ کٹس
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 31, 2020
فواد چوہدری کی ٹویٹ اور ظاہر کردہ خدشات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وضاحتی بیان دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے کے پاس آنے والی تمام ٹسٹ کٹس چین میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے آ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کٹس چینی حکومت سے تصدیق شدہ ہیں۔
#NDMA
این ڈی ایم اے کے پاس آنے والی کورونا وائرس کی تمام ٹسٹ کٹس چین میں پاکستانی ایمبسی کے ذریعے آ رہی ہیں۔ یہ کٹس چینی حکومت سے تصدیق شدہ ہیں لہذا غیر تصدیق شدہ کٹس کا کوئی اعتمال نہیں ہے ۔ترجمان این ڈی ایم اے@pid_gov @fawadchaudhry @RadioPakistan @appcsocialmedia— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) March 31, 2020
یاد رہے کہ دو ماہ قبل اردو نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں قومی ادارہ صحت کے سربراہ میجر جنرل عامر اکرام نے کہا تھا کہ پاکستان کے پاس کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور جلد پاکستان خود کورونا وائرس تشخیص کرنے والی کٹس bhi بنانا شروع کر دے گا۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں سروسز ہسپتال کے کورونا پر فوکل پرسن ڈاکٹر احمد ندیم نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ہسپتالوں کی لیبارٹریز کورونا ٹیسٹ کی سہولت سے محروم ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا ٹیسٹ پبلک ہیلتھ انسٹیٹیوٹ میں قائم محکمہ صحت کی مرکزی لیبارٹری میں کیے جاتے ہیں۔ ’پہلے ہسپتالوں میں سکریننگ ہو رہی ہے اور ہسپتال اگر سمجھے کہ کسی فرد کا لیب ٹیسٹ ہونا چاہیے تو صرف اس کا ہی نمونہ اس لیب کو بھیجا جا رہا ہے۔‘