Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں کورونا سے ’بہت زیادہ‘ ہلاکتوں کا خدشہ

انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کووِڈ 19 انسانی جذبے کا امتحان بھی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ سمیت دنیا بھر میں جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافے سے تشویش بڑھ رہی ہے وہیں اچھی خبر یہ ہے کہ یورپ میں کورونا وائرس کا گڑھ سمجھے جانے والے ممالک اٹلی اور سپین میں حکام کے مطابق شرح اموات میں کمی آ رہی ہے۔
امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں کورونا کے مریضوں کی کُل تعداد 12 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ 64 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’سپین میں مسلسل تیسرے روز کورونا وائرس سے اموات کی شرح میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے اور اتوار کو اموات کی تعداد کم ہو کر 674 پر آگئی ہے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران سپین میں ایک دن میں اموات کی تعداد  900 سے زائد ہو گئی تھی۔
سپین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ  10 روز میں ہونے والی اموات کے مقابلے میں یہ تعداد کم ترین ہے۔
سپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز کا کہنا ہے کہ ان کا ملک  ’وائرس کی بلند ترین سطح پار کرنے کے بہت قریب ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان کے ملک کو ’سرنگ کے دوسرے حصے میں روشنی نظر آنے لگی ہے۔‘
گذشتہ روز سپین کے وزیراعظم نے لاک ڈاؤن کو25 اپریل تک بڑھانے کا حکم دیا تھا۔
سپین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار سے زیادہ ہے اور ایک لاکھ 30 ہزار لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

صرد ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ہلاکتیں ہوں گی، بد قسمتی سے بہت زیادہ ہلاکتیں ہوں گی۔‘ فوٹو: اے ایف پی

دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ امریکہ میں آنے والا ہفتے میں اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
وبا سے متعلق اپنی روزانہ کی بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہلاکتیں ہوں گی، بد قسمتی سے بہت زیادہ ہلاکتیں ہوں گی۔‘
صدر ٹرمپ نے امریکی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم آپ کے لیے لڑ رہے ہیں اور ہم سب ملک کر اس کا سامنا کر رہے ہیں۔‘
امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے جو تین لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتیں 8 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہیں جن میں سے 35 سو سے زائد ہلاکتیں صرف ریاست نیو یارک میں ہوئی ہیں۔
اٹلی کے محکمہ شہری تحفظ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے انتہائی متاثرہ مریضوں کی تعداد میں پہلی مرتبہ کمی ہوئی ہے۔

’اٹلی میں گذشتہ ایک ہفتے میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔‘ فوٹو: اے ایف پی

اٹلی میں وائرس کے نئے کیسز کی شرح کم ہوگئی ہے۔ ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ 15 ہزار 362 ہے۔
سنیچر کو حکام نے کہا تھا کہ اٹلی میں گذشتہ ایک ہفتے میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ دوسرے افراد میں اس کے پھیلاؤ میں بھی کمی آئی ہے۔
برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہزار 313 ہے جبکہ 42 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ برطانیہ کے وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’اگر لوگ گھروں میں رہیں اور حکومت کی ہدایات پر عمل کریں تو برطانیہ کورونا وائرس کو شکست دے سکتا ہے۔‘
برطانیہ میں سنیچر کو سب سے زیادہ 708 اموات واقع ہوئیں۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ کووِڈ 19 نہ صرف صحت کے عالمی نظام کے لیے خطرہ ہے بلکہ انسانی جذبے کا امتحان بھی ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’اتوار کا دن ضمیر کا عالمی دن ہے، آئیں جانیں بچانے کے لیے مشترکہ انسانیت پر توجہ دیںِ ضرورت مند افراد کی مدد کریں اور سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کریں۔‘

شیئر: