’شہری نے اپنے گھر کو ناس اور نسوار تیار کرنے کا کارخانہ بنا رکھا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
طائف میں ایک سعودی شہری کو گرفتار کیا گیا ہے جوعلاقے میں ناس اور نسوار کا سب سے بڑا تاجر سمجھا جاتا تھا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس کے تعاون سے طائف میونسپلٹی نے بخاریہ محلے میں ناس اور نسوار فروخت کرنے والے شہری کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔
میونسپلٹی نے بتایا ہے کہ ’گرفتار شدہ شخص نہ صرف بخاریہ بلکہ طائف اور اطراف میں معروف تھا، ناس اور نسوار استعمال کرنے والے اس سے بڑی مقدار میں خریدتے تھے‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’شہری نے اپنے گھر کو کارخانے میں تبدیل کردیا تھا، علاقے کے چھوٹے تاجروں سمیت ناس اور نسوار کے عادیوں کا وہاں آنا جانا لگا رہتا تھا‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’نسوار کے تاجر کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تو وہاں سے 40 کلو ناس اور نسوار ضبط کی گئی جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا ‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’ناس اور نسوار فروخت کرنا اور استعمال کرنا منع ہے، یہ جرم ہے جس پر سزا ہوگی‘۔
میونسپلٹی نے بتایا ہے کہ ’اب تک متعدد شہریوں اور مقیم غیر ملکیو ں کو ناس اور نسوار فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے‘۔