ترکمانستان ان ممالک میں سے ایک ہے ابھی تک اس بیماری کا ایک بھی تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا (فوٹو:سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں کھیل کے میدان اور مارکیٹیں ویران ہیں مگر وسط ایشائی ملک ترکمانستان آج اتوار سے اپنا فٹ بال سیزن شروع کرنے جارہا ہے جس میں فٹ بال شائقین بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
ترکمانستان ان ممالک میں سے ایک ہے جہاں ابھی تک کورونا کا ایک بھی تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا کے دیگر ممالک کی تقلید کرتے ہوئے ترکمانستان فٹ بال فیڈریشن نے اپنی آٹھ رکنی ڈومیسٹک لیگ گذشتہ مہینے 24 مارچ کو معطل کردی تھی۔
نیشنل فٹ بال فیڈریشن نے کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کی وزارت صحت اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی تجویز کا حوالہ دیا تھا۔
تاہم بین الاقوامی ماہرین کے ان تحفظات کے باوجود ترکمانستان اب لیگ فٹ بال شروع کرنے جا ریا ہے۔
34 سالہ کروباری شخص اشیر اوسپوو نے کہا کہ 'خوشی ہماری قوت مدافعت بڑھاتی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ انہیں دیگر ممالک میں کھیلوں کی تقریبات پر پابندی کا علم ہے لیکن اس کے باوجود انہیں پرہجوم مقامات کا کوئی ڈر نہیں ہے۔
اشیر نے سوال کیا کہ 'ہمارے ملک میں کورونا وائرس نہیں ہے تو پھر ہم کیوں اپنی فٹ بال لیگ دوبارہ شروع نہ کریں؟'
سابقہ سوویت یونین کا حصہ رہنے والے ممالک ترکمانستان، تاجکستان اور بیلاروس کھیلوں کی لیگ پر پابندی کی مزاحمت کرتے ہوئے اپنے ملک میں ان کا انعقاد کررہے ہیں۔
20 سالہ طالب علم ویپا نے بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی کھیل دیکھنے کا موقع نہیں گنوایا اور وہ اتوار کو منعقد ہونے والے اس میچ کو دیکھنے ضرور جائیں گے۔
صحت کے عالمی دن 7 اپریل کو ترکمانستان کے صدر بردی محمدوف سرکاری ٹی وی چینل پر گھڑ سواری کرتے اور سائیکل چلاتے نظر آئے تھے۔
ایسے وقت میں جب دنیا بھرمیں کھیلوں کی سرگرمیاں مانند پڑگئی ہیں اور ٹوکیو اولمپکس کو بھی ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے وہاں عالمی یوم صحت پر ترکمانستان میں سائیکل ریلی منعقد کی گئی جس میں سیکڑوں افراد نے حصہ لیا۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ترکمانستان کی حکومت کورونا کی وبا کو کتنی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
ترکمانستان کے صدر کو ملک کے 'محافظ' کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ سرکاری ٹی وی نے اس وبا کے حالات میں ان کی قیادت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔