جدہ کے معروف تجارتی مرکز میں آتشزدگی، لاکھوں کانقصان
جدہ کے معروف تجارتی مرکز میں آتشزدگی، لاکھوں کانقصان
پیر 20 اپریل 2020 10:48
’مرکز کے کل 9 ہزار مربع میٹر رقبے میں سے 8 سو مربع میٹر رقبہ جل گیا‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ شہری دفاع نے جدہ کے الصفا محلے میں واقع معروف تجارتی مرکز میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ہے۔
9 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے ہوئے مرکز میں سے 8 سو مربع میٹر کا رقبہ جل کر خاکستر ہوگیا ہے جس سے لاکھوں کا نقصان ہوا ہے تاہم آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’بر وقت کارروائی کرنے سے مرکز کے کل رقبے کو جلنے سے بچالیا گیا ہے‘۔
شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’آگ بجھانے والی ٹیموں کو بیرونی کھڑکیاں توڑ کر اندر جانا پڑا۔ مرکز میں کپڑے ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل رہی تھی اور کثیف دھواں اٹھ رہا تھا‘۔
شہری دفاع کے ترجمان کربل محمد بن عثمان القرنی نے کہا ہے کہ ’آتشزدگی کا مرکز دوسری منزل تھی جہاں ملبوسات تھے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کرفیو کے باعث دکان بند تھی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ بجھانے کے بعد تفتیشی ٹیم آتشزدگی کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے‘۔