18 ممالک کے 10 لاکھ روزہ داروں کو افطار کرایا جائے گا
جمعرات 23 اپریل 2020 14:13
’دنیا کے مختلف ممالک میں روزہ افطار کرانے کا منصوبہ ہر سال کیا جاتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دنیا کے 18 ممالک میں کم وبیش 10 لاکھ کو روزہ داروں کو افطار کرانے کے لیے مختص بجٹ میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔
امسال اس مد میں مختص رقم کو بڑھا کر 50 لاکھ ریال کردیا گیا ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی (واس) کے مطابق وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبد العزیز آل الشیخ نے شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دنیا کے مختلف ممالک میں روزہ افطار کرانے کا منصوبہ سعودی عرب کی طرف سے ہر سال کیا جاتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’امسال شاہ سلمان نے کورونا بحران کے باعث اپنے مسلمان بھائیوں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے مختص بجٹ میں اضافے کی منظوری دی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ منصوبہ 18 ممالک میں سعودی سفارتخانوں اور اسلامی مراکز کی نگرانی میں ہوتا ہے جس میں مستحقین کو غذائی پیکٹ دیے جاتے ہیں‘۔