پانچ ہسپتالوں کے لیے پانچ ایمبولینسوں کا تحفہ دیا ہے.(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب نے یمن کی تعمیر و ترقی کے لیے حضرموت صوبے کے پانچ ہسپتالوں کے لیے پانچ ایمبولینسوں کا تحفہ دیا ہے.
سیئون شہر میں تعلیم کے فروغ کے لیے نو کلاسوں پر مشتمل ایک سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا.
العربیہ نیٹ کے مطابق ایمبولینسوں کے تحفے سے حجر، المکلہ، العبر، ثمود، اور سیئون اضلاع کے ہسپتالوں کو فائدہ ہوگا.
سعودی عرب کی جانب سے ایمبولینسوں کا تحفہ پیش کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی. حضرموت کے گورنر کے سیکریٹری عصام القثیری، مشترکہ افواج کے کمانڈر، یمن کی ترقی کے لیے سعودی نمائندے ھشام السعیدی سمیت متعدد اداروں اور محکموں کے سربراہ شریک ہوئے.
عصام القثیری نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب الساحل اور الوادی کے درمیان واقع مقامات پر 16 منصوبے نافذ کررہا ہے یہ ان میں سے دو ہیں.
القثیری نے بتایا کہ رمضان کے بعد باقی دیگر منصوبوں کا افتتاح ہوگا. کئی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جن کی بدولت الساحل اور الوادی کے درمیان واقع مقامات کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہوگا اور تمام شعبوں میں خدمات کا معیار بلند ہوگا.
انہوں نے موجودہ مشکل حالات میں حضرموت کے لیے سعودی عرب کی جانب سے نئے منصوبوں پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کی.
المھرۃ اور حضرموت صوبوں میں یمن کی تعمیر و ترقی پر مامور سعودی منصوبوں کے ڈائریکٹر صادق بالشرھیل نے بتایا کہ ایمبولینسیں وادی اور ساحل کے درمیانی علاقوں کے ہسپتالوں کے حوالے کردی جائیں گی. ان سے یمنی شہریوں کو بڑی سہولت ہوگی.
سعودی عرب یمن کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک پروگرام شروع کیے ہوئے ہے. اس کے تحت یمن میں صحت، تعلیم، بجلی، توانائی، زراعتِ، ماہی گیری، پانی، روڈز، بندرگاہوں اور سرکاری عمارتوں کی مدد کی جارہی ہے.
علاوہ ازیں صفائی اور ماحولیاتی صحت کا پروگرام بھی نافذ کیا جارہا ہے.