لنڈسے لوہن کو تصویر میں دبئی پولیس کے ساتھ ماسکس اور دستانے پہنے کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ (فوٹو:سوشل میڈیا)
امریکی اداکارہ لنڈسے لوہن جو سنہ 2008 سے دبئی میں رہائش پذیر ہیں، نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت کے اقدامات کا شکریہ ادا کرنے کے لیے سماجی رابطے کی ایپلی کیشن انسٹاگرام کا سہارا لیا ہے۔
مشہور ٹی وی سیریز ’مین گرلز‘ سے شہرت پانے والے والی اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کئی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں انہیں دبئی پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ ماسکس اور دستانے پہنے کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔
لنڈسے لوہن کے انسٹاگرام پر 83 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور انہوں نے ایک پوسٹ میں لکھا: ’ان غیریقینی اوقات میں متحدہ عرب امارات اور دبئی پولیس کی جانب سے مسلسل مدد اور ملک کو محفوظ رکھنے پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ سب کو ماہ مقدس کی مبارک باد۔'
33 سالہ اداکارہ و گلوکارہ نے حال ہی میں ایک ٹاک شو ’لائٹس آؤٹ ود ڈیوڈ سپیڈ‘ میں اپنے نئے گانے ’بیک ٹو می‘ کی تشہر کے لیے شرکت کی تھی۔ اس دوران انہوں نے دبئی میں اپنے شب و روز کے بارے میں بھی بات کی۔
17منٹ پر مشتمل ویڈیو چیٹ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ’یہ صحرا پر تعمیر کیا گیا شہر ہے۔ میں یہاں 2008 میں آئی جب اٹلانٹس ہوٹل تکمیل ہوا تھا اور اس کے علاوہ یہاں کچھ بھی نہیں تھا۔ ڈی آئی ایف سی، ڈاؤن ٹاؤن، دبئی مال کچھ بھی نہیں تھا۔۔۔ وہ سب کچھ جو اب یہاں ہے۔'
انہوں نے دبئی میں عائد لاک ڈاؤن کے بارے میں بتایا تھا کہ 'وہ اس بارے میں بہت سخت ہیں۔۔۔ آپ کو باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ وہ اس کو بہت سنجیدہ لے رہے ہیں۔'