خط میں کہا گیا ہے کہ 'ہمارا سٹاف مستقل طور پر کورونا وائرس کا سامنا کر رہا ہے اور اس شعبے کے کئی ارکان وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مطابق 'اس صورت حال میں ہم سارے سٹاف ممبرز کی سکریننگ کر رہے ہیں۔ ابھی ہمارے عملے کے 100 سے زائد افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں جن کے نمونے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو بھجوا دیے گئے ہیں۔'
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 'اس عرصے کے دوران عمارت میں سپرے کیا جائے گا اور عملے کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا جبکہ باقی ارکان کی بھی سکریننگ کی جائے گی۔'
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے شعبہ گائنی میں آنے والوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران دیگر قریبی ہسپتالوں سے رجوع کریں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں کیے گئے ٹیسٹ میں شعبہ گائنی کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر، 14 ٹی ایم اوز، تین ہاوس آفیسرز، دو ہیڈ نرسز، آیا اور سویپرز کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔