لاک ڈاون میں اگر آپ چاہتے ہیں کہ صحت مند اور فریش رہیں تو اس کے لیے آپ کو اپنی روٹین میں میں کچھ ایسی سرگرمیوں کو ضرور شامل کرنا چاہیے جن سے آپ نہ صرف جسمانی طور فٹ بلکہ ذہنی طور پر بھی پرسکون رہ سکیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم بھی ان دنوں کچھ ایسا ہی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ روزانہ کچھ دیر ورزش کی جائے تو ڈپریشن اور بے چینی سے بچا جا سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شنیرا اکرم نے کراچی کے ساحل پر لی گئی ایک پرانی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ خود کو جسمانی طور پر تندرست رکھ کر ہم کئی ذہنی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔
ڈپریشن کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ساحل سمندر پر سورج کی روشنی میں 30 سے 45 منٹ تک کی جانے والی ورزش انسان کو نہ صرف جسمانی طور پر تندرست رکھتی ہے بلکہ ذہنی بے چینی ختم کرنے میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران اپنی ذہنی و جسمانی صحت کا بھرپور خیال رکھنے کے لیے جو کرنا پڑے کریں۔
شینرا اکرم کی پوسٹ پر انسٹاگرام صارف طلعت ملک نے لکھا ’بھابھی زندہ باد‘
کئی سوشل میڈیا صارفین نے شنیز اکرم سے کراچی کے ساحل سمندر کے موسم کے حوالے سے بھی سوال کیے۔
شنیرا اکرم نہ صرف انسٹاگرام بلکہ ٹوئٹر پربھی کافی ایکٹیو ہیں وہ اکثر ٹوئٹر پر کورونا سے متعلق آگاہی پر مبنی ٹویٹس اپنے اکاونٹ پر شئیر کرتی رہتی ہیں۔
لاک ڈاون کے حوالے سے انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ اگر لاک ڈاؤن میں نرمی ہوتی ہے تو لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں کیونکہ کورونا سے پاک پاکستان کی ذمہ داری اب ہماری ہے۔
کچھ روز قبل شنیرا اکرم نے انسٹا گرام پر وسیم اکرم کی روٹیاں بناتے تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ شاید یہ تصویر دیکھ کر باقی لوگ بھی ایسا کام کرنے میں اپنے اہل خانہ کا ہاتھ بٹائیں۔