عبدالرحمان السدیس نے مسجد الحرام میں حفاظتی اقدامات کا افتتاح کیا (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلٰی ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے رمضان کے آخری عشرے کے دوران مسجد الحرام میں صفائی و سینیٹائزنگ کی سکیموں اور حفاظتی اقدامات کا افتتاح کیا ہے.
العربیہ نیٹ کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ 'دونوں مقدس مساجد کو پاک صاف رکھنے، معطر کرنے اورسینیٹائز کرنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے.'
ڈاکٹر السدیس نے رمضان کے آخری عشرے کی تیاری اور مقدس مساجد کی صفائی کی سکیموں پر عمل درآمد کرنے والوں کی نگرانی کی.
السدیس نے مزید کہا کہ 'تمام حفاظتی اقدامات مقررہ پروگرام کے مطابق انجام دیے جائیں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے زائرین کو معیاری خدمات پیش کی جائیں.'
جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان ھانی حیدر نے بتایا کہ 'پریذیڈنسی نے رمضان کے ابتدائی دو عشروں کے دوران دونوں مقدس مساجد میں حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا اہتمام ہنگامی بنیادوں پر کیا- نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کا اصول نافذ کرایا گیا.'
'سینیٹائزنگ کا عمل بار بار دہرایا گیا. مسجد الحرام کو روزانہ سات بار دھویا اور سینیٹائز کیا گیا. مقدس مساجد کے تمام کارکنان کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا جبکہ مسجد الحرام کی سکیورٹی پر مامور فورس کی شراکت سے حفاظتی پروگرام کی پابندی کی گئی.'
ھانی حیدر نے مزید کہا کہ 'پریذیڈنسی مسجد الحرام کے دروازوں پر کمپیوٹرائزڈ تھرمل کیمرے نصب کر رکھے ہیں تاکہ مسجد الحرام میں کسی بھی وقت آنے جانے والوں کا جسمانی درجہ حرارت خود کار نظام کے تحت چیک کیا جا سکے.'
اس کے علاوہ وزارت صحت کے ماہرین مسجد الحرام کے متعدد دروازوں پر ڈیوٹی بھی انجام دے رہے ہیں.