خانہ کعبہ میں سب سے پہلے میزاب رحمت لگانے والے قریشی تھے. (فوٹو ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں ’میزاب رحمت‘ خانہ کعبہ کی چھت پر شمالی جانب نصب ہے. اس سے بارش کا پانی یا چھت کو دھونے پر جمع ہونے والا پانی حجر اسماعیل کی جانب والے حصے میں گرتا ہے.
حجر اسماعیل شروع میں خانہ کعبہ کا ہی حصہ تھا.
اخبار 24 کے مطابق تاریخی دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ خانہ کعبہ میں سب سے پہلے میزاب رحمت لگانے والے قریشی تھے.
قریش نے خانہ کعبہ تعمیر کرتے وقت اس کی چھت ڈالی تھی اور 258 سینٹی میٹر کا پرنالہ (میزاب رحمت) لگایا تھا. یہ خانہ کعبہ کی دیوار میں لگایا گیا تھا.
اس کا عرض 26 سینٹی میٹر تھا- یہ دونوں جانب سے 23، 23 سینٹی میٹر اونچا تھا. اس کا 58 سینٹی میٹر حصہ دیوار میں شامل تھا.
تاریخ کے مختلف ادوار میں میزاب رحمت کی تجدید اورتزئین ہوتی رہی. خانہ کعبہ کے دیگر حصوں کی طرح میزاب رحمت پر سونے کی پرت چڑھائی گئی.
موجودہ میزاب رحمت خالص سونے کا ہے. اس کا اندرونی حصہ ٹھوس چاندی کا بنا ہوا ہے اور اس کے اوپر سونے کی چادر چڑھائی گئی ہے.
میزاب رحمت کا بالائی حصہ کھلا ہوا ہے. چاندی اور سونے کے درمیان موٹی لکڑی لگی ہوئی ہے. یہ مستطیل شکل کا ہے.
میزاب رحمت پر خط تلث میں اس کی بناوٹ اور تجدید کی تاریخ درج ہے.اس میں چاندی کی کیلیں لگی ہوئی ہیں.
مکہ کے معروف سنار شیخ محمد نشار نے میزاب رحمت تیار کیا تھا. پرانی لکڑی کی جگہ نئی مضبوط لکڑی میزاب رحمت میں لگائی گئی ہے.
یاد رہے کہ قدیم میزاب رحمت کی جگہ اب نیا لگا دیا گیا ہے. پرانی خوبیوں کا حامل ہے. نیا میزاب رحمت شاہ فہد کے زمانے میں بنایا اور نصب کیا گیا تھا.
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں