یمن سے ایک اور بارودی سرنگ بہہ کر جازان پہنچ گئی
ترجمان شہری دفاع کے مطابق بارودی سرنگ کوناکارہ بنا دیاگیا ہے.(فوٹو سبق)
یمن سے ایک اور بارودی سرنگ برساتی ریلے میں بہہ کر جازان پہنچ گئی.
جازان ریجن کے ترجمان شہری دفاع کرنل محمد ا لغامدی نے کہا ہے کہ یمن سے بہہ کر آنے والی بارودی سرنگ کوناکارہ بنا دیاگیا ہے.
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کچھ دن قبل بھی ایک بارودی سرنگ یمن سے برساتی ریلے کے ذریعے بہہ کر سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں پہنچ گئی تھی جسے شہریوں نے دیکھ کرفوری طور پر شہری دفاع کو اطلاع دی جس پر سرنگ کو ناکارہ بنادیا گیا.
دوسرا واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب ایک شہری نے غیر معمولی چیز دیکھی تو اس نے فوری طور پر شہری دفاع کو اطلاع دی .
شہری دفاع کا مخصوص یونٹ فوری طور پر اس مقام پر پہنچ گیا جنہوں نے بارودوی سرنگ کو ناکارہ کرکے اسے شہری دفاع کے ریجنل آفس میں جمع کرادیا.
واضح رہے یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مختلف مقامات پر بارودی سرنگیں نصب کررکھی ہیں . ان دنوں یمن میں ہونے والی شدید بارش سے متعدد علاقوں میں سیلابی کیفیت کا سامنا ہے .
متاثرہ شہروں میں بعض مقامات پر نظام زندگی جزوی جبکہ کہیں کہیں مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گیا ہے. سیلابی ریلے سے لوگوں کےمتعدد گھر گرگئے جبکہ بیشتر کچی آبادیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں.