امریکہ: سڑک پر لاکھوں ڈالرز سے بھرے بیگ کہاں سے آئے؟
ایک خاندان کے افراد نے لاکھوں کی نقد رقم کو کچرا سمجھا۔ فوٹو: شیرف کا دفتر
امریکہ کی ریاست ورجینیا میں ایک خاندان کو اس بات پر سراہا جا رہا ہے کہ انہوں نے سڑک سے ملنے والے تقریباً 10 لاکھ ڈالرز سے بھرے دو بیگز کو پولیس کے حوالے کیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایمیلی شینٹز نے مقامی ٹی وی چینل ڈبلیو ٹی وی آر کو بتایا کہ سنیچر کو وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ڈرائیونگ پر تھیں جب ان کی گاڑی دونوں میں سے ایک بیگ کے اوپر سے گزری۔
ایمیلی نے بتایا کہ ان لوگوں کو لگا کہ اس بیگ میں کچرا ہے، قریب میں پڑا ایک اور بیگ دیکھا تو گاڑی میں رکھ لیے۔
انہیں گھر پہنچنے کے بعد پتا چلا کہ ان کی پک اپ ٹرک میں ان دونوں بیگز کے اندر پلاسٹک میں 10 لاکھ ڈالرز کی رقم موجود ہے۔
تاہم، اتنی بڑی نقد رقم کو اپنے پاس رکھنے کے بجائے انہوں نے اسے مقامی حکام کے حوالے کر دیا۔
متعلقہ ادارے کے میجر سکاٹ موسر کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی رقم کو حکام کے حوالے کرنا ایک بہت غیر معمولی عمل ہے جو اس خاندان نے کیا۔
'ہمیں فخر ہے کہ ایسی ایمانداری دکھا کر ہماری کاؤنٹی کی نمائندگی کرتے ہیں۔'
اس بارے میں ایمیلی شینٹز کا کہنا تھا کہ ان کی فیملی وہی کیا جس کو وہ درست سمجھتے ہیں۔
'وہ (رقم ویسے بھی) ہماری نہیں تھی۔'
حکام کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی یہ نہیں معلوم کہ وہ رقم سڑک تک کیسے پہنچی، لیکن ان کا ماننا ہے کہ وہ بینک میں جمع کروانے کے لیے لے جائی جا رہی ہوگی۔
حکام کے مطابق نقد رقم کے دونوں بیگز کو پوسٹ آفس بھجوا دیا گیا تھا، جو اس کو اپنی منزل تک پہنچائے گا۔