Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جس کو بریانی نے عزت دے دی، دنیا اس کی‘

سوشل میڈیا پر مخلتف شہروں کی بریانی پر بھی بحث ہوئی (فوٹو: سوشل میڈیا)
بریانی ۔۔۔ یہاں یہ لفظ سماعتوں سے ٹکرایا نہیں کہ ذہن میں مسالوں کی خوشبو، نکھرے رنگ برنگے چاول، لذیذ بوٹیوں کی تصویری کہانی چل پڑی۔ بچپن سے لے کر جوانی تک ہر پاکستانی اس دور سے ضرور گزرتا ہے جب وہ پسندیدہ کھانے میں بریانی ہی لکھتا اور بولتا ہے۔ 
لیکن کیا کبھی برنانی پر بھی بحث ہوسکتی ہے؟ یقین تو نہیں آتا! بریانی تو صرف مزے لے لے کر کھانےکی ڈش ہے، لیکن سوشل میڈیا صارفین شاید کچھ اور چاہتے ہیں۔
’بریانی کو عزت دو‘ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے، یہ ٹرینڈ دیکھ کر بڑی حیرت ہوئی کہ کیا کوئی ایسا بھی ہے جو بریانی سے بھی مخالفت کرسکتا ہے۔ دونوں آنکھوں سے لگاتار ٹوئٹر کھنگالنے کے بعد جان میں جان آئی کہ نہیں بھئی مخالفت بریانی کی نہیں۔ اتنی ہمت کسی میں کہاں، یہاں تو بات ہی کچھ اور نکلی۔ یہاں تو جنگ بریانی میں ڈالے جانے والے اجزا پر ہے وہ بھی آلو پر۔
آلو بریانی کا ایک انتہائی اہم جزو ہے، آلو کتنا اہم ہے اس کا اندازہ صرف ایک کھانوں کا شوقین پاکستانی ہی بہتر لگا سکتا ہے۔
ٹوئٹر ہینڈل کراچی والا نے لکھا کہ ’آلو والی بریانی اصل میں بریانی کے نام پر دھوکہ ہے۔‘

جہاں سوشل میڈیا صارفین بریانی کو آلو کے ساتھ برداشت نہیں کر پا رہے وہیں ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جنھیں بریانی میں آلو تو چاہیے ہی چاہیے۔

ٹوئٹر صارف ڈاکٹر نوشابہ منیر نے لکھا کہ ’بریانی میں آلو نہ ہونا ایک سنگین جرم ہے۔‘

جہاں لوگوں نے آلو والی اور بغیر آلو والی بریانی پر بحث کی وہیں مختلف شہروں کی بریانی کا ذکر بھی خوب ہوا۔

 ٹوئٹر صارف سمو رضوی نے لکھا کہ ’لاہور والے یہ سمجھتے ہیں کہ پلاؤ میں مرچیں تیز کر دو تو بریانی بن جاتی ہے‘

عفنان انصاری لکھتے ہیں کہ ’بریانی فطرتاً کراچی کی ہوتی ہے اور جو کراچی کی نہیں ہوتی وہ فطرتاً بریانی نہیں ہوتی‘

نازش علوی کا کہنا تھا کہ ‘لوگ بریانی کو عزت دے رہے ہیں جس کو بریانی نے عزت دے دی دنیا اس کی۔‘

ایک بہترین اور مزے دار بریانی اسے کہا جاتا ہے جس میں تمام اجزا مناسب ناپ تول کے ساتھ شامل کیے جائیں، یہ تیز آںچ ہر پکنے والی ڈش نہیں ہے۔ روایتی طور پر بریانی کو ہلکی آنچ پر پکایا جاتا ہے جسے دم دینا کہتے ہیں۔

اس طریقہ کار میں تمام اجزا کو ملانے کے بعد اسے اچھی طرح سے ڈھانپ دیا جاتا ہے تاکہ دھوئیں سے گوشت نرم ہوجائے اور اس کا رس چاولوں میں گھل جائے۔ ہلکی آنچ کا دھواں بریانی کو مزید لذیذ بنا دیتا ہے۔

شیئر: