کورونا: اسلام آباد کے مختلف علاقے سیل
رینجرز، پولیس، فوج کو یہ علاقے سیل کرنے کا کہا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر انتظامیہ نے مختلف علاقے اور گلیاں سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق جن علاقوں کو سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے اس میں بلو ایریا میں واقع سعودی پاک ٹاور کا علاقہ، پاکستان سپورٹس بورڈ، چھٹہ بختاور میں گل راجگان، ای الیون فور میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کی گلی 13 سی، I/10-4 کی سب سٹریٹ 10، مین سٹریٹ 26، G/9-4 کی گلی نمبر 111، G/7-2 کی گلی نمبر 54، پی ڈبلیو ڈی کا بلک چھ اورG/6-4 کی گلی نمبر 62 شامل ہیں۔
علامیے میں اسلام آباد پولیس، رینجرز اور فوج کو کہا گیا ہے کہ وہ عوام کے تحفظ کے لیے ان علاقوں کو لوگوں کی آمد و رفت کے لیے بند کردیں۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں حکومت کی طرف سے ماسک کا استعمال لازمی قرار دینے کی ہدایت اور اسلام آباد میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف جرمانے اور سزا کے نفاذ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق خلاف ورزی پر تین ہزار تک جرمانے اور دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ماسک نہیں پہن سکتے وہ کم از کم اپنے منہ کو ضرور ڈھانپیں۔