اہلکار کی مسافر بچی کے دودھ کے لیے دوڑنے پر پذیرائی
اہلکار کی مسافر بچی کے دودھ کے لیے دوڑنے پر پذیرائی
جمعہ 5 جون 2020 15:02
انڈین وزیر ریلوے نے پولیس اہلکار اندر یادو کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور پھر ٹرین میں مزدوروں کو درپیش مشکلات کے لیے جہاں انڈین ریلویز کو بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے وہیں ریلوے پولیس فورس (آر پی ایف) کے ایک جوان کی سوشل میڈیا پر زبردست تعریف ہو رہی ہے۔
یہاں تک کہ ریلویز کے مرکزی وزیر اور بی جے پی کے رہنما پیوش گوئل نے اس آر پی ایف کے جوان کا موازنہ معروف سپرنٹر یوسین بولٹ سے کر دیا۔
एक हाथ में राइफल और एक हाथ में दूध : देखिये किस तरह भारतीय रेलवे ने उसैन बोल्ट को पछाड़ा
Rifle in one hand and milk in another - How Indian Railways left Usain Bolt behind pic.twitter.com/oGKSEe9awJ
گذشتہ روز جمعرات سے انڈیا میں وائرل اس ویڈیوں کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے جس میں ایک آر پی ایف جوان ایک ہاتھ میں رائفل اور دوسرے ہاتھ میں دودھ کی بوتل لے کر دوڑ رہا ہے۔
یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال ریلوے سٹیشن کا ہے جہاں ایک شرمک ٹرین میں ایک تین ماہ کی بچی دودھ کے لیے بے حال تھی اور اس پولیس افسر کو اس کا دکھ نہیں دیکھا گیا لیکن وہ جب تک دودھ لاتے ٹرین سٹیشن سے چل پڑی تھی جس کے لیے انہوں نے تقریباً 100 میٹر کی دوڑ لگائی اور دودھ بچی کی ماں کے حوالے کیا۔
بچی کی ماں صفیہ خاتون کرناٹک سے اترپردیش کے گورکھپور جانے والی شرمک سپیشل ٹرین میں سوار تھیں۔ اور جب ٹرین بھوپال پہنچی تو انہوں نے آر پی ایف کے اہلکار اندر یادو سے دودھ کے لیے گزارش کی تھی۔
صفیہ خاتون نے پولیس والے کو بتایا کہ ’ وہ دودھ کا انتظام نہیں کر پا رہی ہیں اور بچی کو پانی میں بسکٹ ڈال کر کھلا رہی ہیں لیکن بچی دودھ کے لیے بے چین تھی۔‘
صفیہ خاتون سے جب پولیس کی مدد کے بارے میں این ڈی ٹی وی نے سوال کیا تو انہوں نے پولیس جوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’وہ انعام کے مستحق ہیں ان کے عہدے میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔‘
بہر حال ان کے عہد ے میں اضافہ تو نہیں کیا گیا ہے لیکن وزیر ریلوے نے ان کے لیے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران چلائی جانے والی سپیشل شرمک ٹرینوں میں گرمی، بھوک، پیاس سے اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ریلوے کے خراب انتظامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے وہیں انسانی ہمدردی کی اس کوشش کو لوگ خوب سراہ رہے ہیں۔
دریں اثنا وزیر ریلوے نے ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ بتایا کہ شرمک سپیشل ٹرین میں 37 ویں ولادت ہوئی ہے۔
ٹرینوں کی اپنی منزل پر دیر سے پہنچنے کی شکایتیں بھی عام ہیں۔