Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: پی آئی اے کے ٹکٹس اب آن لائن

امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں نے پی آئی اے کے ٹکٹس کے حوالے سے شکایات کی تھیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ابوظہبی اور العین میں مقیم پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے قومی ایئر لائن نے اپنی خصوصی پروازوں کے ٹکٹوں کے اجرا کی نئی پالیسی تشکیل دی ہے جس کے تحت اب پاکستانی شہری مجاز ٹریول ایجنٹ یا پی آئی اے کی ویب سائٹ سے بکنگ کر کے ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ پی آئی اے کی ایپ سے بھی آن لائن ٹکٹ بک کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں نے پی آئی اے کے ٹکٹس کے حصول میں مشکلات اور زیادہ رقم وصولی کی شکایات کی تھیں جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے کر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

 

سفارت خانے کے بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ مقامی حکام کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان جانے کے خواہش مند افراد سفارت خانہ یا پی آئی اے کے دفتر نہ آئیں۔
پاکستانی شہریوں کو بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی اور العین سے اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد اور ملتان کے لیے اکانومی کلاس کا ٹکٹ 1110 درہم جبکہ بزنس کلاس کا ٹکٹ 2200 درہم کا ہے۔ اسی طرح کراچی کے لیے اکانومی کلاس کا ٹکٹ ایک ہزار درہم میں دستیاب ہے اور شہری مقرر شدہ نرخوں سے زیادہ رقم ادا نہ کریں۔
یاد رہے کہ اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس کا انعقاد کیا اور مہنگے ٹکٹس دیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

شیئر: