Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں سیکیورٹی اہلکار کرفیو کے دوران مستعد

سیکیورٹی حکام لوگوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنا رہے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جدہ پولیس کے اہلکار  جمعے کو بھی سہ پہر تین بجے سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ کرفیو  کی پابدی کرانے کے لیے مستعد نظر آئے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی  اے کے مطابق جدہ کے سیکیورٹی حکام ایک طرف تمام لوگوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مقرر وزارت صحت کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مطلوب سہولتیں فراہم کرنے والے اداروں اور ان کے کارکنان کواپنے فرائض احسن شکل میں انجام دینے کے لیے سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔

پولیس اہلکار سڑکوں اور شہر کے داخلی راستوں پرمستعد کھڑے ہوئے ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

ایس پی اے کے رپورٹرز نے جدہ شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کرکے کرفیو پر عملدرآمد سے متعلق پولیس کارروائی کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار سڑکوں، شاہراہوں، چوراہوں، شہر میں آنے جانے والے راستوں پرمستعد کھڑے ہوئے ہیں۔
عام طور پر  شہر کی سڑکیں سہ پہر تین بجے کے بعد سے راہگیروں اور گاڑیوں سے خالی نظر آرہی ہیں۔ اکا دکا کوئی ٹرک یا مستثنی ادارے کی کوئی گاڑی اپنی مہم کے حوالے سے آتی جاتی دیکھی جاسکتی ہے۔

 شہر کی سڑکیں سہ پہر تین بجے کے بعد سے خالی نظر آرہی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)

رپورٹرز کا کہنا ہے کہ شہر کا منظر نامہ بتا رہا ہے کہ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی کورونا وائرس کو قابو کرنے کے لیے حکومت کے مقرر کردہ حفاظتی اقدامات کی اہمیت کو محسوس کررہے ہیں۔
سیکیورٹی اداروں نے پھر تاکید کی ہے کہ  تمام لوگ کرفیو کی پابندی کرتے ہوئے گھروں میں رہیں۔ انتہائی ضرورت کے تحت ہی باہر نکلیں۔ باہر نکلتے وقت مقررہ ضوابط کی پابندی کریں۔ صفائی، ماسک، دستانے استعمال کریں اور سماجی فاصلے کا بے حد دھیان رکھیں۔

شیئر: