سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے اطمینان دلایا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران نئے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کم ہوگی۔
اخبار 24 کے مطابق العبد العالی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ وبا میں اضافے کی شرح کئی مرحلوں سے گزری ہے ۔ ابتدا میں وبا لگنے کی شرح زیادہ تھی پھر اس میں گراوٹ آئی جب کہ جون کے شروع میں ایک بار پھر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔
مزید پڑھیں
-
خطرہ ابھی ٹلا نہیں، جہاں ضرورت ہوئی پابندی لگے گی
Node ID: 486921 -
فیملی تقریب میں شرکت، 21 افراد کورونا کا شکار
Node ID: 486931
وزارت صحت کے ترجمان نے وبا پھیلنے کے واقعات میں کمی بیشی کا سبب بیان کرتے ہوئے بتایا کہ دراصل شروع میں لوگوں کو نئے کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات نہیں تھیں۔ احتیاطی تدابیر سے لاعلم تھے۔ اس وجہ سے وائرس لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ جب حفاظتی تدابیر کی پابندی کی گئی تو متاثرین کی تعداد کم ہوگئی۔ درمیان میں بے پروائی کا مظاہرہ کیا گیا تو متاثرین کی تعداد پھر بڑھ گئی۔
ترجمان نے تنبیہہ کی کہ جب بھی معاشرے میں حفاظتی تدابیر کی پابندی کم ہوگی متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ معاشرہ جتنا زیادہ حفاظتی ضوابط کی پابندی کرے گا اتنا ہی زیادہ وائرس سمٹتا چلا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت وائرس لگنے کی شرح غیر مستحکم ہے۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ سب لوگ مکمل پابندی کریں گے تو متاثرین کی تعداد کم ہوتی چلی جائے گی۔

دریں اثنا کنگ سعودی میڈیکل سٹی میں نئے کورونا وائرس سے متاثرین کے طبی معائنے اور علاج کے لیے دو میڈیکل خیمے تیار کیے گئے ہیں جو 16 بستروں پر مشتمل ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ میڈیکل سٹی کے ماتحت جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ نے کورونا کے متاثرین کی تعداد بڑھ جانے پر ہسپتال سے باہر دو میڈیکل خیمے نصب کیے ہیں جو جملہ سہولیات سے آراستہ ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے طبی معائنے کے لیے سپیشلسٹ میڈیکل ٹیم تعینات کردی گئی ہے۔ یہاں تنفس کے امراض میں مبتلا مریضوں کا بھی علاج کیا جا رہا ہے۔
ایمرجنسی وارڈ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد شیحۃ نے بتایا کہ میڈیکل خیمے نصب کرنے کا اصل مقصد یہ ہے کہ ہسپتال کے دیگر شعبوں میں زیر علاج مریضوں کو کورونا وائرس لگنے سے بچایا جائے۔