Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری کی پرویز الہی پر تنقید

فواد چوہدری نے مونس الہی سے ٹویٹ پر معذرت کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں صوبہ پنجاب کی اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الہی کی طرف سے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کی مخالفت کرنے پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اُنہیں تنقید کا نشانہ بنایا تاہم تھوڑی دیر بعد ہی وفاقی وزیر نے اپنی یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔
بدھ کو فواد چوہدری نے چوہدری پرویز الہی کے ایک انٹرویو کے ویڈیو کلپ کو اپنی ٹویٹ میں ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان کی دائیں بازو کی سوچ جان کر دھچکا لگا۔ خدا کا شکر ہے کہ امریکی اور یورپین لیڈرز مودی اور پرویز الہی کی طرح نہیں سوچتے اور مسلمانوں کو مسجد تعمیر کرنے اور عبادت کی اجازت ہے۔ انہیں اور ان جیسے دوسروں کو میثاق مدینہ پڑھنا چاہیے۔ برداشت اسلام کا بنیادی اصول ہے۔‘

 فواد چوہدری کی ٹویٹ کے جواب میں پرویز الہی کے صاحبزادے مونس الہی نے لکھا کہ ’اگر آپ نے غور سے سنا ہوتا تو آپ کو معلوم ہوتا کہ انہوں نے مندر کی مخالفت نہیں کی تھی۔ انہوں نے تجویز دی تھی کہ یہ سندھ میں بننا چاہیے جہاں ہندوؤں کی اکثریت ہے۔ جہاں تک اُن (پرویز الہی) کی برداشت کا تعلق ہے تو جب آپ پی ایم ایل (کیو) میں تھے تو انہوں نے آپ کو کئی سال تک برداشت کیا تھا۔‘
مونس الہی کی اس ٹویٹ کے بعد فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی اور مونس الہی کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’معذرت، مجھے صرف اسلام آباد والی بات کا کلپ بھیجا گیا تھا۔ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی ہے۔‘
خیال رہے کہ اسلام آباد میں مندر کی تعمیر پر کئی حلقے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ دارالحکومت میں مندر بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

شیئر: