Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عیسر ریجن ، گرمیوں میں موسم سرما کے مزے

بارش اور ژالہ باری نے لوگوں کو راحت دی ہے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں تو دوسری جانب عسیر ریجن میں بارش اور ژالہ باری نے لوگوں کو راحت دی ہے۔
 العربیہ نیٹ کے مطابق مملکت کے اکثر علاقوں میں درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے۔ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی موسم گرما کی شدت سے پریشان نظر آرہے ہیں۔
عسیر کے باشندے  موسم گرما میں موسم سرما کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ ریجن کی بیشتر کمشنریاں مسلسل بارش کی بدولت سبزہ زاروں میں تبدیل ہوگئی ہیں۔

بیشتر کمشنریاں مسلسل بارش سے سبزہ زاروں میں تبدیل ہو گئیں۔(فوٹو العربیہ)

مملکت کے معروف فوٹوگرافر فایع الالمعی نے سودۃ عسیر  پر فضا مقام پر ژالہ باری کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی  نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب کے جنوب مغرب میں متعدد مقامات پر موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سات علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے  مطابق جازان، عسیر، باحہ، ربع خالی، سلطنت عمان، امارات اور یمن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ژالہ باری کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔(فوٹو العربیہ)

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ ریاض ریجن اور وادی الدواسر کے علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نصف شب تک جاری رہے گی۔
 مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور شمالی حدود کے علاوہ الجوف ، تبوک اور نجران کے علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

شیئر: