مواصلاتی نظام کی خلاف ورزی، 80 لاکھ ریال کے جرمانے
مواصلاتی نظام کی خلاف ورزی، 80 لاکھ ریال کے جرمانے
بدھ 8 جولائی 2020 19:59
تمام مواصلاتی کمپنیوں پر 8 ملین ریال سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے ہیں۔ فوٹو سبق
سعودی عرب میں مواصلاتی نظام کی خلاف ورزی کرنے پر کمپنیوں کو 80 لاکھ ریال سے زیادہ کے جرمانے کیے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کمیشن نے مواصلاتی قانون کی خلاف ورزیوں پر ایس ٹی سی پر 3.2 ملین، زین پر2.1 ملین اور موبایلی پر 1.4 ملین ریال کے جرمانے عائد کیے ہیں۔ تمام مواصلاتی کمپنیوں پر 8 ملین ریال سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے گئے۔
دیگر مواصلاتی خلاف ورزیاں کرنے والوں پر آٹھ لاکھ 70 ہزار ریال کے جرمانے کیے گئے ہیں۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کمیشن نے بتایا کہ خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
کمیشن نے انتباہ کیا ہے کہ وہ مواصلاتی کمپنیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ان سے کمیونیکیشن سسٹم کی پابندی کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ کسی بھی مواصلاتی کمپنی کو مفاد عامہ اور صارفین کے حقوق سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔