Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات ضروری ہیں: التویجری

سعودی امیدوار محمد التویجری اپنا تصور اور پروگرام پیش کریں گے۔(فوٹو عرب نیوز)
ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن ( ڈبلیو ٹی او) کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کے سعودی امیدوار محمد التویجری نے کہا ہے کہ  ڈبلیو ٹی او کی قیادت اور تمام ممبر ملکوں کے ساتھ مل کر تنظیم میں اصلاحات  چاہتے ہیں‘۔
انہو ں نے کہا کہ ’دنیا ان دنوں بڑی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔ تبدیلیوں نے تجارت میں تعطل پیدا کیا ہے۔ تبدیلیوں کی ہمرکابی  کے لیے تنظیم میں اصلاحات ایک آپشن نہیں بلکہ ضروری ہیں‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق التویجری نے کہا ’ ڈبلیو ٹی او کا ڈائریکٹر جنرل  رکن ممالک کے درمیان پل کا کام انجام دیتا ہے۔ اس کا فرض ہے کہ تمام ممبر ممالک کے درمیان افہام و تفہیم پیدا کرے۔ ہمیں اختلافات سے بالا ہو کر کامیابیوں پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ تنظیم کے مسائل کا تعلق تنازعات کے حل اور مذاکرات سے ہے۔ تنظیم میں فی الوقت مذاکرات کا طریقہ کار موجود نہیں‘۔

ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے لیے 7 امیدوار ہیں۔(فائل فوٹو اے ایف پی)

التویجری کا کہنا تھا کہ’ کورونا کے بعد دنیا کا مستقبل ابہام کا شکار ہوگیا ہے۔ عالمی تنظیم تجارت کی قیادت اور اسے منظم کرنے کا موزوں وقت یہی ہے۔ اس نازک وقت میں تنظیم کی قیادت کا امیدوار اور سب کے ساتھ مل کر تنظیم میں اصلاحات لانے کا آرزو مند ہوں‘۔
انہوں نے مزید کہاکہ ’کلیدی عہدوں پر خواتین کو مساویانہ بنیادوں پر مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ کلیدی عہدوں پر خواتین کی تقرری کا حامی ہوں‘۔
ایوان شاہی کے مشیر اور ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر کے عہدے کے سعودی امیدوار محمد التویجری ڈبلیو ٹی او کے عہدیداروں اور ریجنل گروپوں کے سربراہوں کے سامنے تنظیم کی قیادت کے  حوالے سے اپنا تصور اور پروگرام پیش کریں گے۔
ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کے لیے 7 امیدوار میدان میں ہیں۔  ان کا تعلق مصر، کینیا، نائجیریا، برطانیہ، میکسیکو، مالدوا اور جنوبی کوریا سے ہے۔

شیئر: